نیشنل گیمز میں میڈلز جیتنے والےخیبرپختونخوا کے جوڈو میڈلسٹ کھلاڑیوں کے اعزاز میں پروقار تقریب کاانعقاد

نیشنل گیمز میں میڈلز جیتنے والےخیبرپختونخوا کے جوڈو میڈلسٹ کھلاڑیوں کے اعزاز میں پروقار تقریب کاانعقاد کیاگیا،
ڈی جی سپورٹس تاشفین حیدر نےکہاکہ کھلاڑی ہمارے اصل ہیرو اور قوم کے سفیر ہیں، نیشنل گیمز میں مزید کامیابیوں کی توقع ہے، تقریب سے خطاب
کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ) کراچی میں جاری 35ویں نیشنل گیمز میں شاندار کارکردگی دکھانے والے خیبرپختونخوا کے جوڈو کھلاڑیوں کے اعزاز میں یہاں ایک مقامی ہوٹل میں باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا،
جس میں صوبے کے کھلاڑیوں کے عزم، محنت اور کامیابیوں کو بھرپور انداز میں سراہا گیا۔ اس تقریب نےتقریب کھلاڑیوں کے حوصلے مزید بلند کر دیے۔
تقریب میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ منیرعباس، ڈائریکٹر اسٹبلشمنٹ نعمت اللہ مروت، ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشن امجد اقبال ، ڈپٹی ڈائریکٹر وویمن نازیہ زکی، خیبرپختونخوا جوڈو ایسوسی ایشن کے صدر مسعود احمد، محکمہ کھیل کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اکاؤنٹس شاہ فیصل،
صوبائی جوجٹسو ایسوسی ایشن کے صدر تحسین اللہ، مرد و خواتین جوڈو کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ ان کے کوچز اور آفیشلز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا ماحول خوشگوار، جوش و خروش سے بھرپور اور کھلاڑیوں کی قومی خدمات کے اعتراف سے مزین تھا۔
ڈی جی محکمہ کھیل خیبرپختونخوا تاشفین حیدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ نیشنل گیمز میں میڈلز جیتنے والے کھلاڑی نہ صرف صوبے بلکہ پورے ملک کے اصل سفیر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنے نوجوان کھلاڑیوں کی مسلسل محنت اور کارکردگی پر دلی فخر ہے۔ یہ کھلاڑی ملک کا نام روشن کرنے کیلئے جو قربانیاں دیتے ہیں، وہ قابلِ تحسین ہیں۔
تاشفین حیدر نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی خصوصی ہدایت پر وزیراعلیٰ کے مشیر برائے کھیل تاج محمد نے نیشنل گیمز میں میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کیلئے نقد انعامات کاجو اعلان کیا ہے محکمہ کھیل اس فیصلے پر مکمل عملدرآمد کرے گی۔
انہوں نے کھلاڑیوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آپ اس صوبے کا فخر ہیں۔ کراچی میں جاری نیشنل گیمز میں اپنی پوری صلاحیت کے ساتھ شرکت کریں، کھل کر کھیلیں اور دنیا کو دکھائیں کہ خیبرپختونخوا کے کھلاڑی بہترین ہیں۔
تقریب میں موجود کھلاڑیوں اور آفیشلز نے بھی ڈی جی اسپورٹس کی اس توجہ اور حوصلہ افزائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے ان کے حوصلے کئی گنا بڑھ جاتے ہیں۔ وہ نہ صرف صوبائی سطح پر بلکہ قومی و بین الاقوامی مقابلوں میں بھی مزید جذبے کے ساتھ کارکردگی دکھانے کیلئے پُرعزم ہیں۔
جوڈو ٹیم کے کھلاڑیوں نے کہا کہ حکومت کی سرپرستی اور خیبرپختونخوا سپورٹس ڈائریکٹوریٹ کی دلچسپی کھیلوں کے فروغ کیلئے اہم ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اسی طرح کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا جاتا رہے گا۔
یہ تقریب اس بات کی علامت تھی کہ خیبرپختونخوا میں کھیلوں کے فروغ کیلئے حقیقی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ نہ صرف کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا جا رہا ہے بلکہ انہیں مستقبل کیلئے بھرپور اعتماد بھی دیا جا رہا ہے۔ صوبائی حکام کی جانب سے مسلسل حمایت کھلاڑیوں کیلئے نہایت حوصلہ افزا ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب نیشنل گیمز پوری شدت کے ساتھ جاری ہیں۔
اس موقع پر کھلاڑیوں اور انکے آفیشلز نے ڈی جی سپورٹس تاشفین حیدر کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کا پرچم سربلند کریں گے۔ نیشنل گیمز میں ان کی کارکردگی پہلے ہی اس بات کی نوید ہے کہ خیبرپختونخوا کھیلوں کے میدان میں ملک کی نمایاں قوت بن کر ابھر رہا ہے۔



