دیگر سپورٹس

نیشنل گیمز ایتھلیٹکس:آرمی اور واپڈا میں برتری کی جنگ عروج پر پہنچ گئی

آرمی نے11اور واپڈا نے10گولڈ میڈلز جیت لئے۔مردوں میں آرمی اور خواتین میں واپڈا کی واضح سبقت

نیشنل گیمز ایتھلیٹکس:آرمی اور واپڈا میں برتری کی جنگ عروج پر پہنچ گئی

آرمی نے11اور واپڈا نے10گولڈ میڈلز جیت لئے۔مردوں میں آرمی اور خواتین میں واپڈا کی واضح سبقت

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) نیشنل گیمز کے ایتھلیٹکس مقابلوں میں پاکستان آرمی اور واپڈا کے درمیان برتری کی جنگ عروج پر پہنچ گئی ہے۔مجموعی طور پر آرمی نے11اور واپڈا نے10گولڈ میڈلز جیتے ہیں۔

مردوں کے مقابلوں میں آرمی نے آٹھ گولڈ میڈل جیت رکھے ہیں جبکہ واپڈا نے دو اور نیوی نے ایک گولڈ میڈل جیتا ہے جبکہ خواتین کے مقابلوں میں واپڈا نے آٹھ،آرمی نے تین اور ایچ ای سی نے ایک گولڈ میڈل حاصل کیا ہے۔

پی این کارساز کے ٹارٹن ٹریک پر جاری ایتھلیٹکس ایونٹ کے دوسرے روز بھی زبردست مقابلے دیکھنے میں آئے۔مردوں کی20کلومیٹر واک میں آرمی کے قاسم فیض نے ایک گھنٹہ28منٹ اور12.2سیکنڈز کے ساتھ گولڈ میڈکل جیتا جبکہ واپڈاکے محمد وقاص نے سلور اور آرمی کے عدنان معاذ نے برانز میڈل حاصل کیا۔

خواتین کی پانچ کلومیٹر واک میں واپڈاکی عمارہ نے 34.12منٹ کے ساتھ گولڈ میڈل اپنے نام کیا جبکہ سندھ کی ماہ نور نے سلور اور آرمی کی کنول فیاض نے برانز میڈل جیتا۔

مردوں کے پول والٹ مقابلوں میں آرمی کے محمد آصف4.80میٹرز کے ساتھ گولڈ میڈل کے حقدار رہے جبکہ آرمی ہی کے جعفر اشرف نے سلور اور پی اے ایف کے محمد رضوان نے برانز میڈل پر اکتفاکیا۔

خواتین کے ٹرپل جمپ میں ایچ ای سی کی امتل رحمان نے 11.87میٹرز کے ساتھ گولڈ جبکہ ایچ ای سی کی کنزہ سرفراز نے سلور اور آرمی کی منزہ جاوید نے برانز میڈل جیتا۔مردوں کی800میٹرز ریس میں آرمی کے وقاص اکبر نے ایک منٹ اور 49.82سیکنڈزکے ساتھ گولڈ میڈل پر قبضہ جمایا

جبکہ ایچ ای سی کے سمیع اللہ سلور اور ایچ ای سی کے ہی اسامہ حسن برانز میڈل یقینی بناسکے۔مردوں کی400میٹرز کی دوڑ آرمی کے عبدالرزاق کو51.53سیکنڈز میں گولڈ میڈل دلا گئی جبکہ آرمی ہی کے علی نواز سلور اور ایچ ای سی کے حضرت عمر کو برانز میڈل مل گیا۔

خواتین کے جیولن تھرومقابلوں میں واپڈا کی فاطمہ نے 42.38میٹرز کے ساتھ گولڈ میڈل حاصل کیا جبکہ ایچ ای سی کی خدیجہ مہرین سلور اور پنجاب کی ثنا اعجاز برانز میڈل جیت سکیں۔

خواتین کی400میٹرز رکاوٹوں کی دوڑمیں واپڈا کی مسرت شاہین نے ایک منٹ اور6.94سیکنڈز کے ساتھ گولڈ،ایچ ای سی کی کنزا سرفراز نے سلور اور واپڈا کی نورین جبار نے برانز میڈلز جیتا۔

خواتین کے ڈسکس تھرو ایونٹ میں آرمی کی فریال فاروق نے38.21میٹرز کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا جبکہ واپڈا کی عشرت فاطمہ نے سلور اور ایچ ای سی کی خدیجہ مہران نے برانز میڈل حاصل کیا۔

مردوں کی110میٹرز رکاوٹوں کی دوڑ کا گولڈ میڈل آرمی کے محمد نعیم کے نام رہاان کا وقت 13.90سیکنڈزرہا۔آرمی کے تجمل حسین نے سلور اور ایچ ای سی کے ابو بکر نے برانز میڈل اٹھایا۔

خواتین کی800میڑز ریس میں واپڈا کی ارم شہزادی نے دو منٹ اور 27.10سیکنڈز کے ساتھ گولڈ میڈل پر قبضہ جمایا جبکہ ایچ ای سی کی نازیہ کو سلور اور ایچ ای سی کی کنزہ سرفراز کو برانز میڈل پر اکتفاکرنا پڑا۔

خواتین کی200میٹرز ریس میں واپڈا کی فائقہ ریاض نے 25.10سیکنڈز کے ساتھ گولڈ میڈل حاصل کیا،یہ ان کا دوسرا گولڈ میڈل بھی تھا۔ایچ ای سی کی خولہ عمر خان نے سلور اور واپڈا کی سنینا سرور نے برانز میڈل یقینی بنایا۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!