پاکستان ہاکی ٹیم نے ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کر لیا
ورلڈ کپ کوالیفائر کے سیمی فائنل میں قومی ٹیم نے جاپان کو 3 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دی

پاکستان کی ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ میں شاندار واپسی،
جاپان کو شکست دے کر فائنل اور ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی
اسلام آباد: پاکستان ہاکی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جاپان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے کر ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
ورلڈ کپ کوالیفائر کے سیمی فائنل میں کھیلے گئے اس دلچسپ میچ میں پاکستان نے آخری کوارٹر میں زبردست کم بیک کرتے ہوئے فتح اپنے نام کی اور فائنل میں جگہ بنا لی۔
پاکستان کی جانب سے محمد عماد، ابوبکر محمود، سفیان خان اور افراز نے ایک ایک گول اسکور کیا، جبکہ جاپان کے خلاف شاندار کھیل پیش کرنے پر محمد عماد کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پاکستان ہاکی ٹیم کوالیفائر راؤنڈ میں مسلسل فتوحات حاصل کرتے ہوئے فائنل تک پہنچی اور اس کامیابی کے ساتھ قومی ٹیم کی ورلڈ کپ 2026 میں شرکت بھی یقینی ہو گئی۔
صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن محی الدین وانی نے قومی ٹیم کو ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں نے اعصاب شکن مقابلے میں بہترین کھیل پیش کیا اور قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔
اس موقع پر اولمپین اصلاح الدین، اولمپین حسن سردار اور اولمپین سمیع اللہ خان نے بھی ٹیم کی شاندار کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کھلاڑیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔



