
باجوڑ کا اعزاز عبدالغفار خان پی ایس ایل کی تاریخ میں جاوید خان اور عمران اللہ کے ساتھ پشتو کمنٹری کریں گے
اسلام آباد ; پشاور زلمی نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل 11) کے کوالیفائر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف اہم مقابلے سے قبل ایک تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے شائقینِ کرکٹ کے لیے بڑی خوشخبری سنا دی ہے۔
پہلی بار پی ایس ایل کی تاریخ میں پشتو زبان میں کمنٹری پیش کی جائے گی، جس سے خیبر پختونخوا سمیت دنیا بھر کے پشتو بولنے والے شائقین اپنی مادری زبان میں میچ کا بھرپور لطف اٹھا سکیں گے۔
اس حوالے سے پشاور زلمی نے بگ باٹ آفیشل کے ساتھ اہم شراکت داری کا اعلان کیا ہے، جو پی ایس ایل 11 کے لیے آفیشل پشتو اسٹریمنگ پارٹنر ہوگا۔
اس اقدام کے ذریعے نہ صرف میچز کی پشتو کمنٹری فراہم کی جائے گی بلکہ شائقین کو ایک منفرد تجربہ بھی حاصل ہوگا جو انہیں اپنی ثقافت اور زبان سے مزید قریب کرے گا۔
پشاور زلمی کے چیف آپریٹنگ آفیسر میاں عباس لائق کے مطابق چیئرمین جاوید آفریدی کا وژن ہمیشہ شائقین کو اولین ترجیح دینا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوالیفائر جیسے اہم مرحلے پر پشتو کمنٹری کا آغاز فینز کے لیے ایک بڑا تحفہ ہے، جبکہ علاقائی زبانوں میں کمنٹری شائقین اور ٹیم کے درمیان فاصلے کم کرتی ہے۔
اسی سلسلے میں تین نامور اور تجربہ کار پشتو کرکٹ کمنٹیٹرز کا انتخاب کیا گیا ہے جو اس تاریخی موقع پر اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔
جاوید خان ریڈیو پاکستان کے مایہ ناز انٹرنیشنل کمنٹیٹر ہیں، جنہیں ٹیسٹ چیمپئن شپ، پی ایس ایل اور قائداعظم ٹرافی سمیت بڑے ایونٹس میں کمنٹری کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔ وہ پشتو اور اردو دونوں زبانوں پر عبور رکھتے ہیں اور مختلف ایف ایم چینلز پر بھی اپنی منفرد شناخت بنا چکے ہیں۔
عبدالغفار خان ایک سینئر اسپورٹس جرنلسٹ، کالم نگار اور اینکر پرسن ہیں۔ وہ ٹی وی اور ریڈیو پر “اسپورٹس ورلڈ” شو کی میزبانی کر چکے ہیں اور پی سی بی میڈیا ایکریڈیشن یافتہ جرنلسٹ ہیں۔ پشتو اور اردو دونوں زبانوں میں کمنٹری کرنے کی بھرپور مہارت رکھتے ہیں۔
وہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی، پی ایس ایل اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیسے بین الاقوامی ایونٹس میں کمنٹری کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور ریڈیو پاکستان اردو اور ایف ایم شمال پشتو کے ساتھ بطور کمنٹیٹر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
عمران اللہ خان معروف فرسٹ کلاس کرکٹ کمنٹیٹر ہیں، جنہوں نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ، قائداعظم کرکٹ ٹرافی اور انڈر 17 چیمپئن شپ سمیت اہم ڈومیسٹک ایونٹس میں کمنٹری کی ہے۔ وہ پشاور میں کرکٹ کے فروغ کے لیے نمایاں خدمات انجام دے چکے ہیں اور ایک ماہر اسپورٹس جرنلسٹ بھی ہیں۔
یہ تینوں کمنٹیٹرز پشاور زلمی کے اشتراک سے بگ باٹ ڈیجیٹل نیٹ ورک پر پی ایس ایل 11 کے پلے آف میچز، خصوصاً پشاور زلمی کے مقابلوں کی پشتو میں لائیو کمنٹری کریں گے۔
بگ باٹ آفیشل کے نمائندے نے اس پارٹنرشپ کو پشتو بولنے والے شائقین سے جڑنے کا ایک بہترین موقع قرار دیا ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف فینز کی دلچسپی میں اضافہ ہوگا بلکہ پی ایس ایل کے تجربے کو بھی ایک نیا رنگ ملے گا۔
یقیناً یہ قدم پاکستان کرکٹ میں ایک نئے باب کا آغاز ہے، جہاں علاقائی زبانوں کو فروغ دے کر شائقین کو کھیل کے مزید قریب لایا جا رہا ہے۔



