
آسٹریلیا نے دوسرے ون ڈے میں پاکستان کو 41 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی
آج کا میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
مہمان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 231 رنز اسکور کیے، تاہم جواب میں پاکستانی ٹیم 44 اوورز میں 190 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
آسٹریلیا کی جانب سے جوش انگلس اور کیمرون گرین نمایاں رہے، دونوں بیٹرز نے نصف سینچریاں اسکور کیں۔
کیمرون گرین نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 53 رنز بنائے جبکہ جوش انگلس 51 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ میٹ رینشا نے بھی ٹیم کے اسکور میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے 43 رنز جوڑے۔
اننگز کے آخری حصے میں اولیور پیکے نے جارحانہ انداز اپنایا اور 32 گیندوں پر 31 رنز بنائے، جن میں ایک چوکا اور دو چھکے شامل تھے۔
انہوں نے آخری اوور میں حارث رؤف کے خلاف ایک چھکا اور ایک چوکا لگا کر آسٹریلیا کے مجموعے کو 230 رنز سے آگے پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
پاکستانی بولرز میں عرفات منہاس ایک مرتبہ پھر مؤثر ثابت ہوئے اور 27 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ابرار احمد نے بھی نپی تلی باؤلنگ کے ذریعے آسٹریلوی بلے بازوں کو آزادانہ کھیلنے سے روکے رکھا۔
فاسٹ بولرز میں شاہین شاہ آفریدی سب سے کامیاب رہے جنہوں نے 3 اہم وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی وکٹوں میں میتھیو کوہنی مین اور ناتھن ایلس بھی شامل تھے۔
دوسری جانب حارث رؤف نے اختتامی اوورز میں اپنی رفتار اور یارکرز سے بیٹرز کو مشکلات میں رکھا اور اننگز کی آخری گیند پر اولیور پیکے کو بولڈ کرکے آسٹریلوی اننگز کا اختتام کیا۔
میچ کے لیے پاکستان نے اپنی فاتح ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی، جبکہ آسٹریلیا نے ایک تبدیلی کرتے ہوئے بلی اسٹینلیک کی جگہ لیگ اسپنر ایڈم زمپا کو الیون میں شامل کیا تھا۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون ; صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، بابر اعظم، عرفات منہاس، سلمان آغا، غازی غوری (وکٹ کیپر)، عبدالصمد، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، حارث رؤف اور ابرار احمد شامل ہیں۔
آسٹریلیا کی پلیئنگ الیون ; الیکس کیری، میتھیو شارٹ، جوش انگلس (وکٹ کیپر اور کپتان)، مارنس لبوشین، کیمرون گرین، میٹ رینشا، اولیور پیک، میتھیو کوہنیمن، نیتھن ایلس، تنویر سنگھا اور ایڈم زمپا پر مشتمل ہے۔



