
ایف آئی ایچ پرو لیگ میں بھارت نے بھی پاکستان کو ہرادیا
انگلینڈ میں کھیلے جانے والی ایف آئی ایچ پرو ہاکی لیگ کے سنسنی خیز میچ میں بھارت نے پاکستان کو ہراکر 3-4 سے جیت لیا۔ میچ کے آغاز کے آٹھویں منٹ میں پاکستان کے ندیم احمد نے پینلٹی کارنر کے زریعے گول سکور کیا۔
جسکے بعد 22ویں منٹ میں بھارت کے ابھیشیک، 24ویں منٹ میں نیلکانٹا نے گول سکور کیا۔
دوسرے ہاف میں سکھجیت اور راجندر نے یکے بعد دیگرے ایک ایک گول سکور کیا جسکے بعد پاکستان کے کپتان ابوبکر محمود اور معین شکیل نے پینلٹی کارنر کے زریعے پاکستان کو تین گول کرنے میں مدد فراہم کی۔
بھارت تین کے مقابلے میں چار گول سے میچ جیت لیا۔ پاکستانی گول کیپر علی رضا نے متعدد یقینی گول بچائے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے لندن میں روایتی حریف بھارت کے خلاف قومی ہاکی ٹیم کی کارکردگی کو انتہائی قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے کھلاڑیوں نے شدید مشکلات کے باوجود شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔
میچ میں پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں 3-4 سے معمولی فرق سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم صدر پی ایچ ایف نے ٹیم کے حوصلے کو سراہا۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا: کی کپتان اور دو اہم کھلاڑیوں کے زخمی ہونے باوجود، ہمارے نوجوانوں نے میدان میں زبردست ہمت اور بلند عزم کا مظاہرہ کیا۔
خاص طور پر ایک ایسی بھارتی ٹیم کے خلاف جس نے حال ہی میں عالمی معیار کی نیدرلینڈز کی ٹیم کو 2-3 سے شکست دی تھی، پاکستان کا یہ جاندار مقابلہ ہمارے بہترین مستقبل اور صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔
لیگ کے تیرا میچز میں اب تک پاکستان نے حریف ٹیموں کے خلاف 20 گول کیے ہیں جبکہ پاکستان کے خلاف 63 گول ہو چکے۔
پاکستان لیگ میں اپنا اگلا میچ بدھ کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گا۔ لیگ میں 26 جون کو ایک مرتبہ پھر پاکستان اور بھارت کا ٹکراؤ ہوگا جبکہ اگلے روز پاکستان اپنے16 ویں اور آخری میچ میں انگلینڈ کے خلاف صف آرا ہوگا۔
خیال رہے کہ یہ ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ میں پاکستان ٹیم کی مسلسل 13ویں شکست ہے۔



