
پی ایس اے سیٹلائٹ اسکواش ٹورنامنٹ: خیبرپختونخوا کے محمد عماد کی شاندار کارکردگی
پشاور (سپورٹس لنک رپورٹ) خیبرپختونخوا کے ابھرتے ہوئے اسکواش کھلاڑی محمد عماد نے راولپنڈی میں منعقدہ سہیل قیصر ریکٹ اسپورٹس ٹرسٹ پاکستان پی ایس اے سیٹلائٹ اسکواش ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رنر اپ پوزیشن حاصل کر لی۔
ٹورنامنٹ 20 سے 23 جون 2026 تک پی اے ایف مجاہد انور خان اسکواش اکیڈمی، لیاقت باغ راولپنڈی میں منعقد ہوا۔
محمد عماد نے ایونٹ کے پہلے راؤنڈ میں خیبرپختونخوا ہی کے یحییٰ کو 1-3 سے شکست دے کر اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا۔ دوسرے راؤنڈ میں انہوں نے حکمت یار کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 0-3 سے ہرایا۔
کوارٹر فائنل میں محمد عماد نے حارث زاہد کے خلاف عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 0-3 سے کامیابی حاصل کی۔
سیمی فائنل میں محمد عماد کا مقابلہ تجربہ کار کھلاڑی صدام حسین سے ہوا جہاں انہوں نے ایک مرتبہ پھر شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 0-3 سے فتح حاصل کر کے فائنل میں جگہ بنائی۔
فائنل میں ان کا مقابلہ عبداللہ نواز سے ہوا، جہاں سخت مقابلے کے بعد محمد عماد 1-3 سے شکست کھا گئے اور رنر اپ ٹرافی اپنے نام کی۔
محمد عماد کی اس کامیابی پر ان کے والدین، کوچ طاہر اقبال، پاکستان اسکواش فیڈریشن، خیبرپختونخوا اسکواش ایسوسی ایشن، ڈائریکٹوریٹ جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا اور صوبائی وزیر کھیل نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
محمد عماد نے اپنی کامیابی کو اپنے کوچ، والدین اور کھیلوں کے اداروں کی سرپرستی کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ مزید محنت کے ساتھ بین الاقوامی سطح پر پاکستان اور خیبرپختونخوا کا نام روشن کرنے کی کوشش جاری رکھیں گے۔
واضح رہے کہ محمد عماد آئندہ ماہ اسلام آباد میں منعقد ہونے والے 3 ہزار ڈالر انعامی رقم کے پی ایس اے اسکواش ٹورنامنٹ میں بھی شرکت کریں گے، جہاں ان سے مزید عمدہ کارکردگی کی توقع کی جا رہی ہے۔



