
پی ایف ایف کا جنوبی کوریا کی قومی ہاکی ٹیم کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام
اسلام آباد: پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے خیرسگالی اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کے لیے بدھ کے روز جنوبی کوریا کی قومی ہاکی ٹیم کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا۔
جنوبی کوریا کی ٹیم جو کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام ایف آئی ایچ سے منظور شدہ انٹرنیشنل ٹیسٹ سیریز کھیلنے پاکستان کے دورے پر موجود ہے۔ پی ایف ایف نے روایتی پاکستانی مہمان نوازی اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے پرقار ظہرانے کی تقریب کا انعقاد کیا۔
اس موقع پر وفاقی سیکرٹری برائے بین الصوبائی رابطہ اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے کہا کہ پی ایف ایف کی قیادت کا یہ اقدام انتہائی قابلِ تحسین ہے
جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ایک کھیل دوست ملک ہے جو تمام کھیلوں کے کھلاڑیوں کو دل سے خوش آمدید کہتا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ ملک کی دیگر اسپورٹس فیڈریشنز بھی پی ایف ایف کی پیروی کرتے ہوئے بہترین مہمان نوازی کی روایت برقرار رکھیں گی
ماضی میں پاکستان کی ہاکی ٹیم نے فٹ بال کے میدان میں بھی کامیابی کا بنیادی طریقہ کار فراہم کیا تھا۔
1978 کے ہاکی ورلڈ کپ میں بیونس آئرس کے مقام پر پاکستان کی فتح نے ارجنٹائن کے فٹ بال مینیجر سیزر لوئس مینوٹی کو ایسا جارحانہ اور پوزیشن پر مبنی طریقہ کار اپنانے کی ترغیب دی جس کی بدولت ارجنٹائن نے اسی سال اپنا پہلا فیفا ورلڈ کپ جیتا۔
پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم جنوبی کوریا کی ہاکی ٹیم کو دورہ پاکستان کے دوران گرم جوشی سے خوش آمدید کہتے ہیں اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔
ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے اور پاکستان نے اس میں بے پناہ کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ اس کھیل نے ہمیں قومی ہیرو دیے ہیں، جن سے سیکھتے ہوئے ہم ملک میں فٹ بال کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے خواہاں ہیں۔
پی ایف ایف کے چیف آپریٹنگ آفیسر شاہد نیاز کھوکھر نے انہی جذبات کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہماری طرف سے یہ اس کھیل کے لیے ایک چھوٹی سی کاوش ہے جس نے پاکستان کو کھیلوں کی دنیا میں خوبصورت ترین لمحات دیے ہیں۔
ہم پی ایچ ایف کے ساتھ قریبی شراکت داری قائم کرنا چاہتے ہیں تاکہ دونوں فیڈریشنز اپنے اپنے کھیلوں کی بہتری کے لیے مل کر کام کر سکیں۔
پی ایف ایف کے صدر کے حکومتی امور سے متعلق مشیر ایاب احمد نے اس دورے کے نتیجے میں پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان ثقافتی تبادلوں کو سراہا۔
اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر شیخ احمد ریحان نے مہمان ٹیم کے لیےm پاکستان میں قیام کو خوشگوار قرار دیا اور مستقبل میں بھی اس نوعیت کے تبادلوں کی امید ظاہر کی۔
پی ایف ایف کانگریس کے رکن راجہ محمد اشتیاق اور پی ایف ایف کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن وسیم راجہ نے بھی مختلف کھیلوں کے مابین تعاون کو فروغ دینے کے اس اقدام کی تعریف کی۔



