
انفانٹینو پر تنقید مہنگی پڑگئی، فیفا کے چیف آپریٹنگ آفیسر کیون لامور عہدے سےہٹا دیا گیا
فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کے چیف آپریٹنگ آفیسر کیون لامور کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ ان کی رخصتی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب وہ گزشتہ ماہ فیفا کے صدر گیانی انفانٹینو کے ایک متنازع کمرشل منصوبے پر کھل کر تنقید کرچکے تھے۔
فیفا کا کہنا ہے کہ لامور کے ساتھ ورکنگ ریلیشن شپ 17 اگست 2026 کو ختم ہوگیا۔فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کے چیف آپریٹنگ آفیسر کیون لامور عہدے سے الگ ہوگئے ہیں،
تاہم ان کی رخصتی نے فیفا کے اندر جاری اختلافات کو ایک بار پھر نمایاں کردیا ہے۔فیفا کے مطابق کیون لامور کے ساتھ ادارے کا ورکنگ ریلیشن شپ 17 اگست 2026 کو ختم ہوگیا۔
فیفا کے سیکریٹری جنرل میتھیاس گرافسٹروم نے عملے اور فیفا کونسل کے ارکان کو ای میل کے ذریعے آگاہ کیا کہ دونوں فریق نے باہمی رضامندی سے علیحدگی کا فیصلہ کیا ہے۔
کیون لامور نے گزشتہ ماہ فیفا کے ’فارورڈ انٹرپرائز‘ منصوبے پر کھل کر اعتراض کیا تھا۔ انہوں نے اس منصوبے کو ’ایک شخص کا منصوبہ‘ قرار دیتے ہوئے فیفا کی انتظامیہ کو گمراہ کیے جانے کا دعویٰ بھی کیا تھا۔
لامور کا کہنا تھا کہ اگر سچ بولنے کی قیمت ملازمت سے محرومی ہے تو وہ یہ قیمت ادا کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔رپورٹس کے مطابق متنازع منصوبے میں ورلڈ کپ سمیت فیفا کے مختلف مقابلوں سے متعلق کمرشل حقوق میں نجی سرمایہ کاروں کو شامل کرنے کی تجاویز زیرِ بحث تھیں،
جس پر فیفا کے اندر اور عالمی فٹبال حلقوں میں تحفظات سامنے آئے تھے۔کیون لامور فرانس سے تعلق رکھتے ہیں اور نومبر 2024 میں فیفا کے چیف آپریٹنگ آفیسر مقرر ہوئے تھے۔
اس سے قبل وہ یورپی فٹبال کی تنظیم یوئیفا کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔فیفا نے کیون لامور کی خدمات پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
لامور کی رخصتی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب فیفا کے صدر گیانی انفانٹینو کے کمرشل منصوبوں اور انتظامی طرزِعمل پر فٹبال کی عالمی برادری میں بحث جاری ہے۔
بعض بڑے فٹبال اداروں کی جانب سے بھی اس منصوبے پر تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا۔رپورٹس کے مطابق انفانٹینو نے بعد ازاں متنازع کمرشل منصوبے سے پیچھے ہٹنے کا فیصلہ کیا،
تاہم اس معاملے نے فیفا کی قیادت کے اندر اختلافات کو نمایاں کردیا ہے۔فیفا کے صدارتی انتخاب 2027 میں ہونا ہیں، جبکہ امیدواروں کی نامزدگی کی آخری تاریخ 18 نومبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔
ایسے میں فیفا کے اندرونی اختلافات اور انفانٹینو کی پوزیشن مستقبل کے انتخاب کے تناظر میں بھی اہم قرار دی جارہی ہے۔کیون لامور کی رخصتی نے فیفا کے انتظامی معاملات اور گیانی انفانٹینو کی پالیسیوں پر جاری بحث کو ایک بار پھر عالمی فٹبال کے مرکز میں لا کھڑا کیا ہے۔



