
کرسٹیانورونالڈو نےبالآخر 5 بچوں کے بعداپنی گرل فرینڈ جارجینا سے شادی کرلی.
2016 میں شروع ہونے والی محبت کی کہانی باِلآخر شادی کے بندھن میں ڈھل گئی،دنیائے فٹبال کے سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے اپنی طویل رفاقت کو ایک نئے اور خوبصورت موڑ پر پہنچاتے ہوئے اپنی دیرینہ ساتھی جارجینا روڈریگز سے شادی کرلی۔
پرتگال کے ساحلی شہر کاسکائس میں ہونے والی نجی تقریب میں دونوں نے ایک دوسرے کا ہاتھ ہمیشہ کے لیے تھام لیا، جبکہ ان کے پانچوں بچے بھی اس خوشی کے موقع پر ان کے ساتھ موجود تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 41سالہ کرسٹیانو رونالڈو اور 32سالہ جارجینا روڈریگز نے 11 اگست کو پرتگال کے شہر کاسکائس میں قریبی عزیزوں اور خاندان کی موجودگی میں سادہ مگر پروقار تقریب کے دوران شادی کی۔
شادی کے بعد رونالڈو نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایک خوبصورت تصویر شیئر کی، جس میں دونوں کے ہاتھ ایک دوسرے کے ہاتھوں میں دکھائی دے رہے ہیں اور شادی کی انگوٹھیاں نمایاں ہیں۔
تصویر سامنے آتے ہی دنیا بھر سے مداحوں، فٹبالرز اور معروف شخصیات نے اس جوڑے کو مبارکباد دینا شروع کردی۔رونالڈو اور جارجینا کی محبت کا آغاز 2016 میں ہوا تھا، جب جارجینا ایک معروف فیشن برانڈ کے اسٹور میں سیلز اسسٹنٹ کے طور پر کام کرتی تھیں۔
دونوں کی پہلی ملاقات وہیں ہوئی، جبکہ 2017 میں زیورخ میں ہونے والی فیفا فٹبال ایوارڈز تقریب میں پہلی بار دونوں ایک ساتھ عوامی سطح پر نظر آئے، جس کے بعد ان کا رشتہ دنیا بھر میں توجہ کا مرکز بن گیا۔
جارجینا نے اگست 2025 میں اپنی منگنی کا اعلان کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر انگوٹھی کی تصویر شیئر کی تھی، جس کے تقریباً ایک سال بعد دونوں نے اپنی محبت کو شادی کے بندھن میں بدل دیا۔
رونالڈو اور جارجینا کے خاندان میں پانچ بچے شامل ہیں، جن میں ایوا ماریا، میٹیو، الانا، بیلا اور رونالڈو کے بڑے بیٹے کرسٹیانو جونیئر شامل ہیں۔ تاہم 2022 میں اس جوڑے کو اس وقت گہرے صدمے کا سامنا کرنا پڑا تھا،
جب بیٹی بیلا کے جڑواں بھائی اینجل پیدائش کے فوراً بعد انتقال کر گئے تھے۔ اس مشکل وقت میں دونوں نے ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا۔
شادی سے قبل بھی دونوں کی شادی کے حوالے سے کئی خبریں اور افواہیں سامنے آتی رہی ہیں، حتیٰ کہ حال ہی میں رونالڈو کے آبائی شہر کے ایک چرچ کے باہر مداح بڑی تعداد میں جمع ہوگئے تھے،
تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ وہاں رونالڈو نہیں بلکہ ایک اور جوڑے کی شادی ہورہی تھی۔کرسٹیانو رونالڈو اس وقت بھی اپنے شاندار فٹبال کیریئر کو کامیابی سے جاری رکھے ہوئے ہیں،
جبکہ ذاتی زندگی میں بھی وہ ایک نئے سفر کا آغاز کر چکے ہیں۔ ان کی شادی کی خبر نے دنیا بھر میں موجود کروڑوں مداحوں کو خوشی سے بھر دیا ہے اور سوشل میڈیا پر یہ خبر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
کھیل کی دنیا میں اپنی بے مثال کامیابیوں کے بعد کرسٹیانو رونالڈو نے ذاتی زندگی کا بھی ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا، جبکہ مداح اس سپر اسٹار جوڑے کے نئے سفر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں۔



