
اسکول کرکٹ: پی سی بی کی ذمہ داری یا وسائل کا ضیاع؟ تحریر؛فواد مصطفی
پاکستان میں ایک وقت میں کرکٹ کا ایک مکمل اور مربوط نظام موجود تھا۔ اسکول کرکٹ میٹرک بورڈز اور اسکولز کے اسپورٹس بجٹ کے تحت ہوتی تھی، پرائیویٹ اسکولز اپنے ٹورنامنٹس کراتے تھے،
انٹرکالجیٹ کرکٹ انٹر بورڈز کے تحت ہوتی تھی اور یونیورسٹی کرکٹ ایچ ای سی کے ذریعے کرائی جاتی تھی۔ ہر سطح پر اپنی ٹیمیں بنتی تھیں، قومی سطح پر مقابلے ہوتے تھے اور اس پورے نظام کا بنیادی مالی بوجھ کرکٹ بورڈ پر نہیں تھا۔
پی سی بی کا بنیادی کام کلب کرکٹ، ڈومیسٹک کرکٹ اور اس کے پورے ڈھانچے کو مضبوط بنانا، ریجنز کو ساتھ لے کر چلنا اور ملک میں کرکٹ کو گراس روٹ لیول پر فروغ دینا ہے۔
لیکن گزشتہ کئی برسوں سے پی سی بی اسکول، کالج اور یونیورسٹی کرکٹ بھی خود کرا رہا ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا یہ واقعی پی سی بی کے وسائل کے بہترین استعمال کی مثال ہے؟
اگر پی سی بی کے پاس محدود وسائل ہیں تو انہیں وہاں خرچ ہونا چاہیے جہاں سب سے زیادہ ضرورت ہے—کلب کرکٹ، ڈومیسٹک کرکٹ، کوچنگ، گراؤنڈز اور ٹیلنٹ ڈویلپمنٹ۔
دوسرا اور زیادہ اہم سوال یہ ہے کہ اسکول کرکٹ کا ہمارا ہدف کیا ہے؟ اگر ہم کسی پروگرام پر پیسہ، کوچز اور انتظامی وسائل خرچ کر رہے ہیں تو اس کے واضح اہداف بھی ہونے چاہئیں: کتنے نئے بچے سامنے آئے؟ کتنے بچوں کو آگے ڈویلپ کیا گیا؟ کتنے کھلاڑی انڈر 15، انڈر 17 اور انڈر 19 کے نظام میں پہنچے؟
اور اس سے بھی بڑا سوال اسکول سے باہر بچوں کا ہے۔ اگر پاکستان اکنامک سروے کے اعداد و شمار کے مطابق بڑی تعداد میں بچے مختلف صوبوں میں اسکول سے باہر ہیں، تو ہمیں یہ سوچنا ہوگا کہ ان بچوں کو کرکٹ کے نظام میں کیسے لایا جائے گا۔
کیونکہ جو بچے پہلے ہی اسکول میں موجود ہیں، ان کے لیے اسکول کرکٹ کے علاوہ انڈر 15، انڈر 17 اور انڈر 19 کے راستے بھی موجود ہیں۔ پھر ایک ہی طبقے پر بار بار وسائل خرچ کرنے کے بجائے ہمیں ان بچوں تک پہنچنے کی ضرورت ہے جو موجودہ نظام سے باہر ہیں۔
میرا سوال صرف اتنا ہے: اسکول کرکٹ پر اب تک جو پیسہ، وقت اور کوچنگ کے وسائل خرچ ہوئے، اس کا قابلِ پیمائش نتیجہ کیا ہے؟
اگر کوئی پروگرام کرایا جا رہا ہے تو اس کے ٹارگٹس ہونے چاہئیں، نتائج ہونے چاہئیں اور یہ معلوم ہونا چاہیے کہ اس سے پاکستان کرکٹ کو طویل مدت میں کیا حاصل ہوا۔
ورنہ خطرہ یہ ہے کہ ہم کرکٹ کا نیا ٹیلنٹ پیدا کرنے کے بجائے پہلے سے موجود بچوں کو ہی مختلف سطحوں پر دوبارہ کھیلوا رہے ہیں، جبکہ اصل گراس روٹ ٹیلنٹ ہماری نظروں سے باہر رہ رہا ہے۔



