لاہور: کینٹ زون کرکٹ ایسوسی ایشن ; صدر جمخانہ کلب کی باضابطہ شمولیت،
ایسوسی ایٹ رکنیت کا نوٹیفکیشن جاری

کینٹ زون کرکٹ ایسوسی ایشن میں صدر جمخانہ کلب کی باضابطہ شمولیت،
ایسوسی ایٹ رکنیت کا نوٹیفکیشن جاری
مشہود حسین شیرازی نے صدر جمخانہ کلب کی شمولیت کو کینٹ زون میں کرکٹ کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت قرار دے دیا
رپورٹ: عابد حسین
لاہور: کینٹ زون کرکٹ ایسوسی ایشن نے صدر جمخانہ کلب کو ایسوسی ایٹ رکنیت دے دی۔ اس سلسلے میں صدر جمخانہ کلب کی جانب سے قاضی برہان نے صدر کینٹ زون مشہود حسین شیرازی اور منیجر کرکٹ آپریشنز لاہور ریجن عابد حسین سے رکنیت کا باضابطہ نوٹیفکیشن وصول کیا۔
کلب کی شمولیت کو کینٹ زون میں کرکٹ سرگرمیوں کے فروغ، تنظیمی استحکام اور کلبز کے درمیان باہمی تعاون کو مضبوط بنانے کی جانب ایک خوش آئند قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
صدر کینٹ زون مشہود حسین شیرازی نے صدر جمخانہ کلب کی شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے زون کے لیے ایک اہم اضافہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کلبز کی فعال شمولیت سے کرکٹ کا تنظیمی ڈھانچہ مزید مستحکم ہوگا اور کھیل کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں کو تقویت ملے گی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ صدر جمخانہ کلب نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور کینٹ زون میں کرکٹ کے معیار کو بہتر بنانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کرے گا۔
اس موقع پر قاضی برہان نے ایسوسی ایٹ رکنیت ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کینٹ زون کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صدر جمخانہ کلب کرکٹ کے فروغ،
نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے اور کھیل سے متعلق سرگرمیوں کو مزید فعال بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گا۔
منیجر کرکٹ آپریشنز لاہور ریجن عابد حسین نے صدر جمخانہ کلب کی فیملی کو کینٹ زون میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ نئے کلبز کی شمولیت سے کرکٹ سرگرمیوں کو وسعت دینے، باہمی روابط کو فروغ دینے اور کھلاڑیوں کے لیے بہتر مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔



