
بابر اعظم پاکستان کے عظیم بلے بازوں کی فہرست میں شامل، 16 ہزار رنز مکمل
بابر اعظم نے انٹرنیشنل کرکٹ میں رنز کا ایک اور سنگ میل عبور کرلیا! سری لنکا کے خلاف راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں بابر نے 16 ہزار رنز مکمل کرکے پاکستان کے بڑے بلے بازوں کی فہرست میں جگہ بنا لی،
پاکستان کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم نے انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کرلیا ہے۔ وہ تینوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر 16 ہزار رنز مکمل کرنے والے پاکستان کے پانچویں بلے باز بن گئے ہیں۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف سہ ملکی ون ڈے سیریز کے افتتاحی میچ کے دوران بابر اعظم نے یہ اعزاز حاصل کیا۔ وہ اب تک انٹرنیشنل کرکٹ میں مجموعی طور پر 16 ہزار 38 رنز بنا چکے ہیں۔
بابر اعظم نے 66 ٹیسٹ میچوں میں 4 ہزار 771، 144 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں 6 ہزار 671، جبکہ 145 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں 4 ہزار 596 رنز اسکور کیے ہیں۔
تینوں فارمیٹس میں ان کے نام 32 سنچریاں اور 111 نصف سنچریاں بھی درج ہیں۔تاہم اس اہم سنگ میل کے باوجود بابر اعظم سری لنکا کے خلاف اپنی اننگز کو بڑی اننگز میں تبدیل نہ کرسکے اور 45 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں لیجنڈری بلے باز انضمام الحق پہلے نمبر پر ہیں، جنہوں نے 495 میچوں میں 20 ہزار 541 رنز بنائے۔
سابق کپتان یونس خان 408 انٹرنیشنل میچوں میں 17 ہزار 790 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
بابر اعظم کے لیے 16 ہزار انٹرنیشنل رنز مکمل کرنا ایک بڑی کامیابی ہے، اب شائقین کی نظریں اس بات پر ہوں گی کہ وہ آنے والے میچز میں اپنی کارکردگی سے مزید کون سے ریکارڈ اپنے نام کرتے ہیں۔



