
پہلی شرکت، پہلا میڈل، نئی تاریخ!🥉
عاصم خان نے ایشین گیمز میں پاکستان کے لیے پہلا تاریخی MMA میڈل حاصل کر لیا
پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس (MMA) کے لیے آج کا دن تاریخ کے سنہرے حروف میں درج ہو گیا ہے۔ ایشین گیمز 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عاصم خان نے بالآخر پاکستان کے لیے MMA کا پہلا اور موجودہ ایشین گیمز کا افتتاحی میڈل (کانسی/Bronze) حاصل کر کے نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔
یہ کامیابی اس لحاظ سے بھی انتہائی سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے کہ پاکستان نے ایشین گیمز کے مکسڈ مارشل آرٹس مقابلوں میں پہلی بار شرکت کی اور اپنی پہلی ہی پیش قدمی میں قومی پرچم سر بلند کر دیا۔
پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن (PMMAF) کے صدر ذوالفقار علی نے عاصم خان کو اس بے مثال اور تاریخی فتح پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا:
“آج کا دن نہ صرف پاکستان MMA بلکہ قومی اسپورٹس کی تاریخ میں ایک یادگار دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ عاصم خان نے اپنے بے مثال عزم، مسلسل محنت اور شاندار تکنیکی صلاحیتوں سے عالمی سطح پر ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ یہ تاریخی کامیابی محض ایک فیڈریشن کی نہیں، بلکہ پورے پاکستان کی کامیابی ہے۔”
انہوں نے مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا: “یہ میڈل ہمارے ایتھلیٹس کی سالہا سال کی ان تھک محنت، منظم تربیت اور درست حکمتِ عملی کا بیّن ثبوت ہے۔ تاہم، ہماری یہ پیشرفت صرف میدانِ کھیل تک محدود نہیں رہی— الحمدللہ، جہاں عاصم خان نے ایتھلیٹ کے طور پر پاکستان کو میڈل دلایا اور ہماری کوچنگ ٹیم نے شاندار رہنمائی کی،
وہیں آفیشلی و ٹیکنیکل شعبے میں ہمارے سینئر آفیشل ابو ہریرہ کو ایشین مکسڈ مارشل آرٹس ایسوسی ایشن (AMMA) کی جانب سے ایشیا کے برتر ریفریز میں شمار کرتے ہوئے ایشین گیمز کے لیے نامزد کیا گیا، جنہوں نے نہایت پیشہ ورانہ انداز میں اپنے فرائض سرانجام دیے۔ یہ تمام پہلو پاکستان MMA کے ہمہ گیر استحکام کو ظاہر کرتے ہیں۔”
صدر PMMAF نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (POA) کے صدر محمد عارف سعید، سیکریٹری جنرل محمد خالد محمود، پاکستان اسپورٹس بورڈ (PSB) اور تمام متعلقہ بالادست اداروں کا فرداً فرداً شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ان تمام اداروں کی جانب سے سرپرستی اور مواقع کی فراہمی ہی کے باعث قومی ٹیم ایشین گیمز جیسے عالمی و قاری سطح کے ایونٹ میں ملک کی نمائندگی کے قابل ہوئی۔
مستقبل کے وژن پر روشنی ڈالتے ہوئے ذوالفقار علی نے اعادہ کیا:
“میں پورے اعتماد کے ساتھ یہ بات کہتا ہوں کہ پاکستان میں MMA کا مستقبل انتہائی روشن ہے۔ اگر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن، پاکستان اسپورٹس بورڈ اور دیگر ادارے ہمارے ایتھلیٹس کی سرپرستی اور معاونت کا یہ سلسلہ جاری رکھیں، تو ہم یقین دلاتے ہیں کہ ان شاء اللہ مستقبل میں اس سے بھی بڑے اور شاندار نتائج قوم کی جھولی میں ڈالیں گے۔”
عاصم خان: “یہ کامیابی تمام اہلؚ وطن کے نام” تاریخ ساز میڈل جیتنے والے قومی ہیرو عاصم خان نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا: “میں اپنی اس تاریخی کامیابی کو تمام پاکستانی قوم کے نام کرتا ہوں۔ میں ان تمام ہم وطنوں کا تہہ دل سے ممنون ہوں جن کی دعائیں اور حوصلہ افزائی ہر قدم پر میرے ساتھ رہیں۔”
عاصم خان نے PMMAF کی قیادت کا بالخصوص شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا: “میں فیڈریشن اور بالخصوص صدر ذوالفقار علی کا دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھ پر کامل اعتماد کیا اور ایشین گیمز جیسے بین الاقوامی اسٹیج پر ملک کی نمائندگی کا موقع دیا۔
اللہ تعالی نے ہماری محنت کو عزت بخشی۔ مجھے امید ہے کہ اس کامیابی کے بعد ہمارے کھلاڑیوں کو مزید سہولیات اور سپورٹ میسر آئے گی تاکہ ہم عالمی سطح پر مزید افتخار حاصل کر سکیں۔”



