
دورۂ جنوبی افریقا کی تیاریاں: پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ شروع
دورۂ جنوبی افریقا کے لیے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی تیاریوں کا باضابطہ آغاز ہو گیا ہے اور ممکنہ کھلاڑیوں پر مشتمل ایک جامع تربیتی کیمپ آج پیر سے کراچی میں شروع کر دیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یہ کیمپ حنیف محمد ریجنل پرفارمنس سینٹر میں نیشنل اکیڈمی کے کوچز کی زیر نگرانی منعقد ہو رہا ہے، جس کا مقصد کھلاڑیوں کی فٹنس،
تکنیکی مہارتوں اور مجموعی کارکردگی کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بہتر بنانا ہے۔ کیمپ چار ہفتوں پر محیط ہوگا اور اسے آئندہ بین الاقوامی سیریز کی تیاریوں میں ایک اہم مرحلہ قرار دیا جا رہا ہے۔
اس اسکلز اور فٹنس کیمپ میں قومی ویمن ون ڈے ٹورنامنٹ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی 35 کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا ہے۔ کیمپ کے پہلے دن کا آغاز سخت جسمانی ورزشوں سے ہوا، جس کے بعد کھلاڑیوں نے فیلڈنگ، بیٹنگ اور بولنگ کی خصوصی مشقیں کیں۔
کوچنگ اسٹاف کی جانب سے ہر کھلاڑی کی انفرادی صلاحیتوں پر توجہ دی جا رہی ہے تاکہ فٹنس کے ساتھ ساتھ تکنیکی خامیوں کو بھی دور کیا جا سکے۔
کیمپ کے دوران نہ صرف فزیکل ٹریننگ اور اسکل ڈویلپمنٹ پر کام کیا جائے گا بلکہ مختلف مرحلوں میں پریکٹس میچز کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ ان مقابلوں کے ذریعے کھلاڑیوں کی میچ فٹنس، دباؤ میں کارکردگی اور ٹیم ورک کا جائزہ لیا جائے گا، تاکہ جنوبی افریقا کے مشکل کنڈیشنز میں بہترین اسکواڈ کا انتخاب ممکن ہو سکے۔
کوچز کا کہنا ہے کہ یہ کیمپ کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق خود کو منوانے کا بہترین موقع فراہم کرے گا۔تربیتی کیمپ کے دوران پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے اس اسکواڈ کا انتخاب کیا جائے گا جو 10 فروری سے یکم مارچ تک جنوبی افریقا کے دورے پر جائے گا۔
اس دورے میں پاکستان اور جنوبی افریقا کی ویمن ٹیموں کے درمیان 3 ون ڈے اور 3 ٹوئنٹی 20 میچز کی سیریز کھیلی جائے گی، جسے پاکستانی ویمن کرکٹ کے لیے ایک اہم امتحان تصور کیا جا رہا ہے۔ انتخابی عمل مکمل طور پر کارکردگی، فٹنس اور نظم و ضبط کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
کیمپ میں جن کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا ہے، ان میں تجربہ کار اور ابھرتی ہوئی دونوں طرز کی کرکٹرز شامل ہیں۔ ان کھلاڑیوں میں عالیہ ریاض، انعم امین، انوشہ ناصر، عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ، دعا ماجد، ایمن فاطمہ، فاطمہ ثناء، گل فیروزہ، گل رخ، حفصہ خالد، حمنہ بلال، حورینہ سجاد، لبنیٰ بہرام، مومنہ ریاست، منیبہ علی، نجہیہ علوی، نِشرح سندھو، نتالیہ پرویز، نہیا شرمیم، نورین یعقوب، عمائمہ سہیل، رامین شمیم، ردا اسلم، صدف شمس، سائرہ جبین، شوال ذوالفقار، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ، سیدہ معصومہ زہرا، تسمیہ رباب، طوبہ حسن، ام ہانی، وحیدہ اختر اور اویسریٰ عامر شامل ہیں۔
پاکستان ویمن کرکٹ کے حلقوں میں اس کیمپ کو مستقبل کی کامیابیوں کی بنیاد قرار دیا جا رہا ہے۔ اسپورٹس ایکسپرٹس کے مطابق جنوبی افریقا جیسے مضبوط حریف کے خلاف سیریز کے لیے بھرپور تیاری ناگزیر ہے اور یہ کیمپ نہ صرف کھلاڑیوں کی فٹنس میں بہتری لائے گا بلکہ ٹیم میں صحت مند مقابلے کا رجحان بھی پیدا کرے گا۔
توقع کی جا رہی ہے کہ اس تربیتی مرحلے کے بعد ایک متوازن، فٹ اور بااعتماد ویمن کرکٹ ٹیم سامنے آئے گی جو بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مؤثر انداز میں نمائندگی کر سکے گی۔



