
ہمارے پاس میچ پلٹنے والے کھلاڑی موجود ہیں، افتتاحی فتح کے بعد شاہین آفریدی کا دبنگ اعلان
لاہور: ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کے افتتاحی میچ میں حیدرآباد کنگز مین کے خلاف شاندار فتح کے بعد لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹیم کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
اننگز کی آخری دو گیندوں پر مسلسل دو چھکے لگا کر ٹیم کے اسکور کو بلندیوں پر پہنچانے والے کپتان نے جیت کا کریڈٹ ٹیم ورک کو دیا۔
میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہین آفریدی نے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتے سے ٹیم ایک ساتھ ہے اور ٹورنامنٹ سے قبل بھرپور پریکٹس نے کھلاڑیوں میں ہم آہنگی پیدا کی ہے۔ انہوں نے کہا، "ہم نے آج کے کھیل کا بھرپور لطف اٹھایا، لڑکوں نے میدان میں جان لڑائی اور ہمیں اچھا گیم ٹائم ملا۔”
کپتان نے فخر زمان اور محمد نعیم کے جارحانہ آغاز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاور پلے میں ان دونوں کی بیٹنگ نے بڑے مجموعے کی بنیاد رکھی۔ شاہین کا کہنا تھا، "فخر اور نعیم نے پاور پلے میں بہترین بلے بازی کی۔
اگرچہ مڈل اوورز میں ہمیں کچھ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، لیکن یاد رہے کہ یہ ٹورنامنٹ کا صرف آغاز ہے اور ہمارے پاس بیٹنگ میں بہت زیادہ ‘فائر پاور’ (جارحانہ کھلاڑی) موجود ہے جو کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹ سکتے ہیں۔”
باؤلنگ یونٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شاہین آفریدی نے مستفیض الرحمان کے ساتھ اپنے ری یونین (دوبارہ ایک ساتھ کھیلنے) کو خوش آئند قرار دیا۔
انہوں نے کہا، "میں اور مستفیض نے قلندرز کے لیے ایک ساتھ اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا، دوبارہ ان کے ساتھ باؤلنگ کر کے بہت اچھا لگا۔ حارث رؤف ہمیشہ کی طرح ہمارے لیے بہترین ثابت ہو رہے ہیں۔ ہم نے پلیئنگ الیون میں ضرورت کے تحت تبدیلیاں کیں جو ٹیم کے حق میں بہتر رہیں۔”
اپنی بیٹنگ اور ٹیم کی حکمتِ عملی پر روشنی ڈالتے ہوئے شاہین آفریدی نے کہا، "جب میں بیٹنگ کے لیے آتا ہوں تو میری کوشش ہوتی ہے کہ ٹیم کے لیے مومینٹم تیار کروں۔ ہمارا اصل مقصد وکٹیں حاصل کر کے حریف ٹیم پر دباؤ برقرار رکھنا تھا جس میں ہم کامیاب رہے۔”



