محی الدین احمد وانی نے ڈی جی پی ایس بی کا اضافی چارج سنبھال لیا
پی ایس بی کی فوری اصلاحات، کھیلوں کی گورننس آسان بنانے اور کھلاڑیوں کو سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات

محی الدین احمد وانی نے ڈی جی پی ایس بی کا اضافی چارج سنبھال لیا
اسلام آباد: پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے ملک بھر میں کھیلوں کے انتظامی امور کو آسان بنانے اور کھلاڑیوں و قومی کھیلوں کی فیڈریشنز کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے فوری انتظامی اصلاحات متعارف کرا دی ہیں۔
پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل کا اضافی چارج سنبھالنے کے پہلے ہی روز بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی) ڈویژن کے سیکرٹری محی الدین احمد وانی نے قومی کھیلوں کی فیڈریشنز کے الحاقی پروفارمے کو سادہ اور مختصر بنانے کی ہدایت جاری کی۔
حکام کے مطابق نظرثانی شدہ پروفارمہ کو زیادہ جامع، عملی اور صارف دوست بنایا گیا ہے جبکہ شفافیت اور گورننس سے متعلق ضروری تقاضے بھی برقرار رکھے گئے ہیں۔
ایک اور اہم سہولت کے تحت بین الاقوامی مقابلوں، تربیتی کیمپس اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں شرکت کے لیے بیرون ملک جانے والے کھلاڑیوں اور سپورٹس فیڈریشنز کے لیے این او سی (نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ) کے پروفارمے اور متعلقہ دستاویزی تقاضوں کا بھی ازسرنو جائزہ لے کر انہیں آسان اور مختصر کر دیا گیا ہے۔
اس اقدام سے غیر ضروری تاخیر میں کمی، کاغذی کارروائی کم ہونے اور فیڈریشنز و پی ایس بی کے درمیان بہتر رابطہ کاری کی توقع کی جا رہی ہے۔
اصلاحات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری آئی پی سی/ڈی جی پی ایس بی نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد کھلاڑیوں پر مبنی گورننس کو فروغ دینا، بیوروکریٹک رکاوٹیں کم کرنا، کارکردگی بہتر بنانا اور پاکستانی کھلاڑیوں و فیڈریشنز کی بین الاقوامی کھیلوں کی سرگرمیوں میں زیادہ سے زیادہ شرکت کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ شفافیت، بہتر سروس ڈیلیوری، ڈیجیٹائزیشن اور تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے لیے آسان رسائی پر مبنی ادارہ جاتی اصلاحات کا عمل جاری رکھے گا۔



