
ایم ایل سی: تین سنچریز، ریکارڈ پارٹنرشپ، ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف عبور
ویب ڈیسک: امریکا کی میجر لیگ کرکٹ (ایم ایل سی) 2026 کے ایلیمینیٹر میں واشنگٹن فریڈم نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف کامیابی سے حاصل کر کے نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔
آکلینڈ میں کھیلے گئے سنسنی خیز مقابلے میں مجموعی طور پر 51 چھکے لگے، جبکہ پہلی بار کسی ٹی ٹوئنٹی میچ میں تین بلے بازوں نے سنچریاں اسکور کیں۔
ایم آئی نیویارک نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا۔ نکولس پوران نے صرف 31 گیندوں پر شاندار سنچری اسکور کی اور ایم ایل سی کی تیز ترین سنچری کا ریکارڈ قائم کیا،
جبکہ کیرون پولارڈ نے 25 گیندوں پر 64 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک ہزار چھکے مکمل کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔
واشنگٹن فریڈم کی جانب سے رچن رویندرا نے 4 وکٹیں حاصل کر کے حریف ٹیم کو مزید بڑا اسکور بنانے سے روکا۔
266 رنز کے ہدف کے تعاقب میں واشنگٹن فریڈم کا آغاز مایوس کن رہا اور صرف 10 رنز پر دو کھلاڑی پویلین لوٹ گئے، تاہم آندریس گوس اور اسٹیو اسمتھ نے شاندار مزاحمت کرتے ہوئے تیسری وکٹ کے لیے 241 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم کی۔
دونوں بلے بازوں نے 40، 40 گیندوں پر سنچریاں مکمل کیں۔ آندریس گوس ایم ایل سی میں سنچری بنانے والے پہلے امریکی بلے باز بھی بن گئے۔
واشنگٹن فریڈم نے مطلوبہ ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 8 گیندیں قبل حاصل کر لیا اور ایلیمینیٹر 2 میں جگہ بنا لی، جہاں اس کا مقابلہ سان فرانسسکو یونیکارنز سے ہوگا۔



