
نیشنل چیمپئنز کپ کی تیاریاں مکمل، پاکستان وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن ملتان پہنچ گئے
پاکستان وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نیشنل چیمپئنز کپ کے سلسلے میں ملتان پہنچ گئے، جہاں انہوں نے ٹورنامنٹ میں شریک چاروں ٹیموں کے کوچنگ اسٹاف کے ساتھ اہم اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں کھلاڑیوں کی فنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور آئندہ بین الاقوامی چیلنجز کی تیاریوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اجلاس میں پاکستان گرینز کے ہیڈ کوچ مصباح الحق، پاکستان گولڈ کے ہیڈ کوچ اعجاز جونیئر، پاکستان وائٹ کے ہیڈ کوچ اقبال امام اور پاکستان بلوز کے ہیڈ کوچ اعزاز چیمہ نے شرکت کی۔
اس موقع پر پاکستان وائٹ بال ٹیم کے باؤلنگ کوچ ایشلے نوفکے اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے کوچ ایجوکیشن ہیڈ شاہد اسلم بھی اجلاس میں موجود تھے۔
اجلاس میں 11 سے 18 اگست تک ملتان میں کھیلے جانے والے نیشنل چیمپئنز کپ کے دوران کھلاڑیوں کی ون ڈے کرکٹ کی مہارتوں کو مزید نکھارنے، جدید کوچنگ طریقہ کار اور ٹورنامنٹ سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے سمیت مختلف تکنیکی اور انتظامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق نیشنل چیمپئنز کپ آئندہ سال جنوبی افریقہ میں ہونے والے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کی تیاریوں کا پہلا اہم مرحلہ ہوگا،
جہاں باصلاحیت کھلاڑیوں کی کارکردگی کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا جائے گا۔یہ ٹورنامنٹ ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 2026-27 کے باقاعدہ آغاز کی بھی علامت ہوگا اور قومی ٹیم کے مستقبل کے منصوبوں میں اہم کردار ادا کرے گا۔
نیشنل چیمپئنز کپ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی نہ صرف ڈومیسٹک کرکٹ کے نئے سیزن کی سمت کا تعین کرے گی بلکہ آئندہ آئی سی سی ورلڈ کپ 2027 کے لیے قومی ٹیم کی تیاریوں میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔



