
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی ٹوئنٹی کھلاڑیوں کی نئی عالمی رینکنگ جاری کردی،
ایشین گیمز 2026 کے بعد آئی سی سی نے نئی ٹی 20 رینکنگ جاری کردی ہے، جس میں پاکستان کے حسن نواز اور صائم ایوب نے نمایاں ترقی حاصل کرلی جبکہ ابرار احمد بولرز کی رینکنگ میں پہلی پوزیشن سے محروم ہوگئے۔
ٹی 20 بیٹرز کی رینکنگ میں پاکستان کے نئے کپتان صاحبزادہ فرحان 818 پوائنٹس کے ساتھ بدستور تیسرے نمبر پر موجود ہیں، بھارت کے ایشان کشن اور ابھیشیک شرما بالترتیب پہلی اور دوسری پوزیشن پر برقرار ہیں۔
صائم ایوب ایک درجے بہتری کے بعد 566 پوائنٹس کے ساتھ 38ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ سابق پاکستانی کپتان بابر اعظم 4 درجے تنزلی کے بعد 544 پوائنٹس کے ساتھ 45ویں نمبر پر آگئے ہیں، جبکہ سابق ٹی 20 کپتان سلمان علی آغا بھی 3 درجے تنزلی کے بعد 48ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔
حسن نواز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 62 درجے چھلانگ لگائی اور 536 پوائنٹس کے ساتھ 48ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ انہوں نے ایشین گیمز 2026 کے فائنل میں بھارت کے خلاف 96 رنز کی اننگز کھیلی تھی، جس میں 7 چھکے شامل تھے۔
پاکستان کے بائیں ہاتھ کے بیٹر فخر زمان 10 درجے تنزلی کے بعد 471 پوائنٹس کے ساتھ 82ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
ٹی 20 بولرز کی رینکنگ میں پاکستان کے اسپنر ابرار احمد 718 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن سے دوسرے نمبر پر آگئے ہیں جبکہ افغانستان کے راشد خان نے دوبارہ ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی۔ آسٹریلیا کے ایڈم زمپا تیسرے نمبر پر برقرار ہیں۔
پاکستان کے محمد نواز 4 درجے تنزلی کے بعد 645 پوائنٹس کے ساتھ 12ویں نمبر پر آگئے ہیں جبکہ سلمان مرزا 7 درجے تنزلی کے بعد 623 پوائنٹس کے ساتھ 23ویں نمبر پر ہیں۔
شاہین شاہ آفریدی بھی 3 درجے تنزلی کے بعد 590 پوائنٹس کے ساتھ 36ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ سفیان مقیم 546 پوائنٹس کے ساتھ 50ویں نمبر پر برقرار ہیں جبکہ صائم ایوب 8 درجے بہتری کے بعد 62ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
عثمان طارق 7 درجے تنزلی کے بعد 63ویں جبکہ شاداب خان 2 درجے تنزلی کے بعد 77ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
آئی سی سی کی نئی رینکنگ میں ایشین گیمز اور بھارت، ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کے پہلے ٹی 20 میچ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کے اثرات نمایاں ہیں۔



