دوسرا ون ڈے،بھارت نے سری لنکا کو کچل دیا

روہیت شرما کی تیسری ون ڈے ڈبل سنچری کے سہارے بھارت نے سری لنکن ٹیم کو کچل کر پہلے میچ کی شکست کا بدلہ لے لیا،بھارتی کپتان نے ناقابل شکست 208 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو چار وکٹوں پر 392 رنز تک پہنچایا،آئی لینڈر بیٹسمین اینجلو میتھیوز کی تھری فیگر اننگز رائیگاں چلی گئی جب آٹھ وکٹوں پر 251 رنز بنانے والی سری لنکن ٹیم 141 رنز کی ناکامی سے دوچار ہوئی اور تین میچوں کی سیریز بھی ایک،ایک سے برابر ہو گئی۔ سیریز کے دوسرے معرکے میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈ میں اترنا سری لنکا کیلئے عذاب بن گیا جب روہیت شرما اور شیکھر دھون نے ابتدائی 21 اوورز میں 115 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو فلائنگ اسٹارٹ فراہم کردیا۔ اگرچہ شیکھر دھون نو چوکوں سمیت 68 رنز بنا کر میدان چھوڑ گئے لیکن 65 بالز پر ففٹی اور 115 گیندوں پر سنچری مکمل کرنے والے مرد میدان روہیت شرما نے شیریاس ایئر کے ساتھ بھی ڈبل سنچری رفاقت قائم کر کے سری لنکا کو میچ سے کم و بیش آؤٹ کر ڈالا۔ شیریاس ایئر نے 88 رنز کی باری کو نو چوکوں اور دو چھکوں سے سجایا لیکن روہیت شرما نے اننگز کے اختتامی اوورز میں محض 27 بالز پر گیارہ چھکوں اور تین چوکوں سمیت 92 رنز لوٹ کر 151 بالز پر اپنی تیسری ون ڈے ڈبل سنچری مکمل کرلی۔ بھارت نے چار وکٹوں پر 392 رنز بنائے تو روہیت شرما بیٹ کیری کے ساتھ 208 رنز میں 13 چوکے اور 12 چھکے لگا چکے تھے۔ مہندر دھونی سات اور ہردیک پانڈیا آٹھ رنز ہی بنا سکے۔ تھیسارا پریرا نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں سری لنکن ٹیم دنوشکا گوناتھیلاکا 16 اور لہیرو تھریمانے21 سے محرومی کے بعد 62 رنز پر تین وکٹیں کھو بیٹھی تھی تو اینجلو میتھیوز نے 22 رنز بنانے والے نروشن ڈکویلا کے ساتھ اسکور 115 اور پھر 34 رنز اسکور کرنے والے اسیلا گنارتنے کے ساتھ 159 تک پہنچایا لیکن آٹھ وکٹوں پر 251 رنز ہی بنائے جا سکے اور اینجلو میتھیوز کے نو چوکوں اور تین چھکوں سمیت ناقابل شکست 111 رنز رائیگاں چلے گئے۔ بھارت کی جانب سے یزویندر چاہل نے تین اور جسپریت بمراہ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

 

تعارف: newseditor