انٹریونیورسٹی وومن اتھلیکٹس چیمپئن شپ،پنجاب کی جیت

پنجا ب یونیورسٹی نے41ویں ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان انٹر یونیورسٹی وومن اتھلیٹکس چیمپئین 265پوائنٹس کے ساتھ جیت کر ٹیم ٹرافی اپنے نام کر لی۔اس چیمپئن شپ کی میزبانی کے فرائض پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ سپورٹس نے ادا کئے۔ اس سلسلے میں واپڈا سپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ تقریب تقسیم انعامات میں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر معین ناصر ،ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ پروفیسر ڈاکٹر رفاقت علی اکبر، ڈائریکٹر سپورٹس ڈاکٹر ظفر اقبال بٹ، سپورٹس آفیشلز اور کھلاڑیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ چیمپن شپ میں یونیورسٹی آف سرگودھا نے 150پوائنٹس کے ساتھ دوسری جبکہ لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی نے 126پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پنجاب یونیورسٹی کی صبا یوسف 3گولڈ میڈلز اور ایک سلور میڈل کے ساتھ ایونٹ کی بہترین اتھلیٹ قرار پائی۔ صبا یوسف نے 55پوائنٹس جبکہ یونیورسٹی آف سرگودھا کی بینش منیر نے 52اور لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کی غزالہ نے 48پوائنٹس حاصل کئے۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے کہا کہ ہار اور جیت زندگی کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو نصیحت کی کہ وہ اپنے اندر سپورٹس مین سپرٹ کو پیدا کریں کیونکہ یہ انہیں زندگی میں آگے لے کر جائے گی۔ انہوں نے طلبہ کو کہا کہ وہ ملک کا نام روشن کریں اور کھیلوں کے ذریعے اس کے مثبت امیج کو اجاگر کریں۔ بعد ازاں کامیابی پانے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔

 

تعارف: newseditor