دورہ نیوزی لینڈ : 23 دسمبر کو کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ

دورہ نیوزی لینڈ کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹور کے لیے روانہ ہونے سے قبل 23 دسمبر کو کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لیے جائیں گے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 27 دسمبر کو لاہور سے آکلینڈ کے لیے روانہ ہو گی اور 6 جنوری سے دورے کا باقاعدہ آغاز ہو گا۔

دورہ نیوزی لینڈ کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم 5 ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے دورہ نیوزی لینڈ کے لیے تیاریوں کو حتمی شکل دے دی ہے اور غیر ملکی دورے سے قبل کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ قومی کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ 23 دسمبر کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں لیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق جن کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لیے جائیں گے ان میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد، حارث سہیل، فہیم اشرف، عماد وسیم، محمد عامر، حسن علی، رومان رئیس، عامر یامین، عمرامین، صہیب مقصود، احمد شہزاد اور محمد نواز شامل ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں محمد حفیظ اور اظہر علی کے فٹنس ٹیسٹ پہلے ہو چکے ہیں اور دونوں کھلاڑی اس وقت قائداعظم ٹرافی کے فائنل میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ شاداب خان بگ بیش لیگ کھیلنے کے لیے آسٹریلیا گئے ہوئے ہیں اس لیے ان کا فٹنس ٹیسٹ بھی نہیں لیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فٹنس ٹیسٹ کے بعد لاہور میں قومی کھلاڑیوں کا تین روزہ مختصر کیمپ بھی لگایا جائے گا جس کے بعد کھلاڑی نیوزی لینڈ کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔

تعارف: newseditor