اسلام آباد:مروان الشوربگی نے مصحف علی میر سکواش کمپلکس اسلام آباد میں سیرینا ہوٹلز کے تعاون سے جاری پاکستان اوپن مینز سکواش چیمپئن شپ جیت لی۔فائنل میچ میں مصری کھلاڑی مروان الشوربگی نے محمد ابو الغر کوایک دلچسپ مقابلے میں شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
ٹاپ سیڈ مروان پہلی گیم سے ہی میں اپنی حریف پر حاوی رہے اور پہلی گیم میں 11/3سے کامیابی حاصل کی۔محمد ابو الغرنے دوسری گیم میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 11/7سے کامیابی حاصل کرکے میچ 1-1سے برابر کر دیا۔ تیسری گیم میںبھی دونوں کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم مروان نے 11/8سے یہ گیم جیت کر میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی۔ چوتھی گیم میں بھی وہ اپنے حریف پر حاوی رہے اور 11/6سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے چیمپئن شپ ٹرافی حاصل کی۔
پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل سہیل امان ، جو کہ پاکستان سکواش فیڈریشن کے صدر بھی ہیں اس میچ کے مہمانِ خصوصی تھے۔انہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ سابقہ ورلڈ چیمپئنزجہانگیر خان، قمر زمان، کے علاوہ سکواش کے دلدادہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے یہ میچ دیکھا۔
پاکستان اوپن سکواش چیمپئن شب جو کہ سکواش سرکٹ میں 10سال بعد واپس آئی ہے میں 50ہزار ڈالر ز انعامی رقم رکھی گئی تھی۔ اس چیمپئن شپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کا آغاز 17دسمبر سے ہوا جبکہ مین راؤنڈ 19دسمبرسے شروع ہوا۔اس چیمپئن شپ میں پاکستان کے علاوہ دوسرے ممالک کے 24بہترین کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔