چٹاگانگ (سپورٹس لنک رپورٹ) بنگلہ دیشی ٹیم پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 513 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، مومن الحق 176 رنز بنا کر نمایاں رہے، کپتان محموداﷲ نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 83 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، سرنگا لکمل اور رنگناہیراتھ نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جواب میں سری لنکن بلے بازوں نے بھی میزبان باؤلرز کو بھرپور جواب دیا، آئی لینڈرز نے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں ایک وکٹ پر 187 رنز بنا لئے تھے اور اسے بنگال ٹائیگرز کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 326 رنز کی ضرورت ہے، کرونارتنے بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے تو دھانن جایا اور مینڈس حریف باؤلرز کے سامنے چٹان بن گئے، دونوں بلے بازوں نے دوسری وکٹ میں 187 رنز کی ناقابل شکست شراکت جوڑ کر ٹیم کو مشکلات سے نکالا، اسی دوران دھانن جایا نے شاندار سنچری بھی مکمل کی، دھانن جایا 104 اور کوسل مینڈس 83 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ جمعرات کو چٹاگانگ ٹیسٹ کے دوسرے روز بنگلہ دیشی ٹیم نے 374 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر پہلی نا مکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو مومن الحق 175 اور محموداﷲ 9 رنز پر کھیل رہے تھے، دن کے تیسرے ہی اوور میں ہیراتھ نے مومن الحق کو آؤٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، مومن الحق 176 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے
مصدق حسین 8 رنز بنا کر ہیراتھ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، مہدی حسن اور سنزامل اسلام نے محموداﷲ کا ساتھ دینے کی کوشش کی تاہم دونوں بالترتیب 20 اور 24 رنز بنا کر چلتے بنے، تیجل اسلام 1 اور مستفیض الرحمان 8 رنز بنا سکے، محموداﷲ نے 83 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے، لکمل اور ہیراتھ نے 3، 3 سنداکن نے 2 اور پریرا نے ایک وکٹ لی۔ جواب میں سری لنکا نے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک پہلی اننگز میں ایک وکٹ پر 187 رنز بنا لئے تھے اور اسے میزبان ٹیم کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 326 رنز کی ضرورت ہے، سری لنکا کا آغاز مایوس کن تھا اور دیمتھ کرونارتنے بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، اس موقع پر دھانن جایا ڈی سلوا اور کوسل مینڈس نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری وکٹ میں 187 رنز کی ناقابل شکست شراکت جوڑ کر ٹیم کو سہارا دیا، دھانن جایا 104 اور مینڈس 83 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، مہدی حسن نے ایک وکٹ لی۔