Tag: چٹاگانگ

  • انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے چٹاگانگ وکٹ پر بھی انگلی اٹھا دی

    انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے چٹاگانگ وکٹ پر بھی انگلی اٹھا دی


    دبئی (سپورٹس لنک رپورٹ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کے وینیو ظہور احمد چوہدری سٹیڈیم، چٹاگانگ کی وکٹ کو اوسط سے بھی کم درجے کی قرار دیا ہے۔ بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ ڈرا ہوا تھا اور میچ میں دونوں ٹیموں نے 1533 رنز بنائے تھے، یہ بنگلہ دیشی سرزمین پر کسی بھی ٹیسٹ کا دوسرا بڑا سکور ہے، اتفاق کی بات یہ ہے کہ انہی دو ٹیموں کے درمیان اسی وکٹ پر ٹیسٹ میچ کا بڑا سکور بھی بنا تھا، 2014ء میں چٹاگانگ ٹیسٹ میں بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان 1589 رنز بنے تھے۔ آئی سی سی میچ ریفری ڈیوڈ بون نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ چٹاگانگ کی پچ اوسط سے بھی نیچے تھی، نئی گیند اور فاسٹ باؤلرز کیلئے کوئی سیم موومنٹ نہیں تھی، سست پچ نہ ہونے کی وجہ سے سپنرز بھی کامیاب نہ ہو سکے، اس کے علاوہ پورے میچ میں باؤنس کی بھی کمی رہی۔ آئی سی سی نے چٹاگانگ کی پچ کو اوسط سے بھی کم درجے کی قرار دیتے ہوئے اسے ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دے دیا۔

  • چٹاگانگ ٹیسٹ،بنگلہ دیش کی ٹیم پہلی اننگزمیں513رنز پر آئوٹ،سری لنکا کا کرارا جواب

    چٹاگانگ ٹیسٹ،بنگلہ دیش کی ٹیم پہلی اننگزمیں513رنز پر آئوٹ،سری لنکا کا کرارا جواب


    چٹاگانگ (سپورٹس لنک رپورٹ) بنگلہ دیشی ٹیم پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 513 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، مومن الحق 176 رنز بنا کر نمایاں رہے، کپتان محموداﷲ نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 83 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، سرنگا لکمل اور رنگناہیراتھ نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جواب میں سری لنکن بلے بازوں نے بھی میزبان باؤلرز کو بھرپور جواب دیا، آئی لینڈرز نے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں ایک وکٹ پر 187 رنز بنا لئے تھے اور اسے بنگال ٹائیگرز کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 326 رنز کی ضرورت ہے، کرونارتنے بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے تو دھانن جایا اور مینڈس حریف باؤلرز کے سامنے چٹان بن گئے، دونوں بلے بازوں نے دوسری وکٹ میں 187 رنز کی ناقابل شکست شراکت جوڑ کر ٹیم کو مشکلات سے نکالا، اسی دوران دھانن جایا نے شاندار سنچری بھی مکمل کی، دھانن جایا 104 اور کوسل مینڈس 83 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ جمعرات کو چٹاگانگ ٹیسٹ کے دوسرے روز بنگلہ دیشی ٹیم نے 374 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر پہلی نا مکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو مومن الحق 175 اور محموداﷲ 9 رنز پر کھیل رہے تھے، دن کے تیسرے ہی اوور میں ہیراتھ نے مومن الحق کو آؤٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، مومن الحق 176 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے

    مصدق حسین 8 رنز بنا کر ہیراتھ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، مہدی حسن اور سنزامل اسلام نے محموداﷲ کا ساتھ دینے کی کوشش کی تاہم دونوں بالترتیب 20 اور 24 رنز بنا کر چلتے بنے، تیجل اسلام 1 اور مستفیض الرحمان 8 رنز بنا سکے، محموداﷲ نے 83 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے، لکمل اور ہیراتھ نے 3، 3 سنداکن نے 2 اور پریرا نے ایک وکٹ لی۔ جواب میں سری لنکا نے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک پہلی اننگز میں ایک وکٹ پر 187 رنز بنا لئے تھے اور اسے میزبان ٹیم کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 326 رنز کی ضرورت ہے، سری لنکا کا آغاز مایوس کن تھا اور دیمتھ کرونارتنے بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، اس موقع پر دھانن جایا ڈی سلوا اور کوسل مینڈس نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری وکٹ میں 187 رنز کی ناقابل شکست شراکت جوڑ کر ٹیم کو سہارا دیا، دھانن جایا 104 اور مینڈس 83 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، مہدی حسن نے ایک وکٹ لی۔

  • چٹاگانگ ٹیسٹ، بنگلہ دیش نے  پہلی اننگز میں 4وکٹوں پر374رنز بنا لئے

    چٹاگانگ ٹیسٹ، بنگلہ دیش نے پہلی اننگز میں 4وکٹوں پر374رنز بنا لئے


    چٹاگانگ(سپورٹس لنک رپورٹ)مومن الحق کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت بنگلہ دیش نے سری لنکا کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں جاندار آغاز کیا، میزبان ٹیم نے آئی لینڈرز کے خلاف پہلے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 374رنز بنا لئے، مومن الحق اور مشفق الرحیم نے ڈٹ کر حریف باؤلرز کا مقابلہ کیا اور تیسری وکٹ میں 236 رنز کی شراکت جوڑ کر ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا، مشفق 92 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، مومن الحق حریف باؤلرز کے سامنے چٹان بن گئے، 175 رنز پر ناقابل شکست ہیں، محموداﷲ 9 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔بدھ کو چٹاگانگ میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیشی قائد محموداﷲ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو تمیم اقبال اور امرالقیس نے ٹیم کو 72 رنز کا آغاز فراہم کیا، تمیم 52 رنز بنا کر پریرا کی گیند پر بولڈ ہوئے، 120 کے سکور پر امرالقیس 40 رنز بنانے کے بعد سنداکن کی گیند کا نشانہ بنے، اس موقع پر مومن الحق اور مشفق الرحیم نے میدان سنبھالا

    دونوں بلے بازوں نے انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں 236 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کی پوزیشن کو بہتر کیا، 356 کے سکور پر سرنگا لکمل نے مشفق کو آؤٹ کر کے ٹیم کو اہم کامیابی دلائی، مشفق 92 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، لٹن داس بغیر کوئی رن بنائے لکمل کی گیند کا نشانہ بنے، اس کے بعد مومن الحق اور محموداﷲ نے دن ختم ہونے تک مزید نقصان نہ ہونے دیا، اسطرح پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو بنگلہ دیش نے 4 وکٹوں پر 374 رنز بنا لئے تھے، مومن الحق 175 اور محموداﷲ 9 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں، سرنگا لکمل نے 2 جبکہ پریرا اور سنداکن نے ایک، ایک وکٹ لی۔

  • بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 31جنوری سے

    بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 31جنوری سے

    چٹاگانگ (سپورٹس لنک رپورٹ)بنگلہ دیش اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 31 جنوری سے چٹاگانگ میں شروع ہو گاشیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 31 سے 4 فروری تک جبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ 8 سے 12 فروری تک کھیلا جائے گا، اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کا پہلا میچ 15 فروری جبکہ دوسرا اور آخری میچ 18 فروری کو کھیلا جائے گا۔اس سے قبل میزبان بنگلہ دیش، سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان کھیلی گئی سہ ملکی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سیریز سری لنکا کے نام رہی تھی ، آئی لینڈرز نے سیریز کے فائنل میں میزبان بنگلہ دیش کو شکست فاش سے دوچار کر کے سیریز اپنے نام کی تھی۔ سہ ملکی ون ڈے سیریز کے بعد بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان اب دو ٹیسٹ اور دو ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی ۔

error: Content is protected !!