ویرات کوہلی بطور کپتان زیادہ سنچریاں بنانے والےدنیا کے تیسرے کھلاڑی


کیپ ٹاؤن(سپورٹس لنک رپورٹ) بھارتی ٹیم کے کپتان اور سٹار بلے باز ویرات کوہلی نے جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں شاندار سنچری داغ دی، یہ ان کے کیریئر کی 34ویں سنچری ہے، کوہلی بطور کپتان زیادہ سنچریاں بنانے والے بھارت کے پہلے اور دنیا کے تیسرے کپتان بن گئے، انہوں نے سابق ہم وطن کھلاڑی سارو گنگولی کی بحیثیت کپتان ملک کی طرف سے زیادہ سنچریوں اور جنوبی افریقہ کے خلاف بڑی اننگز کھیلنے کا ریکارڈ توڑ دیا، گنگولی نے 11 سنچریاں بنا رکھی تھیں جبکہ کوہلی نے بطور قائد 12ویں سنچری بنا کر سنگ میل عبور کیا، ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں بطور کپتان زیادہ سنچریاں بنانے کا عالمی اعزاز سابق آسٹریلوی کرکٹر رکی پونٹنگ کو حاصل ہے جنہوں نے 22 جبکہ جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے بحیثیت کپتان 13 ون ڈے سنچریاں بنا رکھی ہیں۔ انہوں نے بحیثیت کپتان پروٹیز کے خلاف بڑی اننگز کھیلنے کا گنگولی کا ریکارڈ بھی توڑ دیا، گنگولی نے 2000ء میں پروٹیز کے خلاف 141 رنز کی اننگز کھیلی تھی جبکہ کوہلی نے 160 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، اس کے ساتھ ساتھ کوہلی نے سابق سری لنکن بلے باز اروندا ڈی سلوا کے زیادہ رنز کا ریکارڈ بھی توڑ دیا، ڈی سلوا نے 9284 رنز بنا رکھے تھے جبکہ کوہلی نے 205 میچز میں 9344 رنز بنا رکھے ہیں۔

تعارف: newseditor