قومی ون ڈے ریجنل کپ،کراچی ریجن کی ٹیم چیمپئن بن گئی

راولپنڈی(نواز گوہر سے)کراچی ریجن وائٹ کی ٹیم قومی ایک روزہ کرکٹ کی چیمپیئن بن گئی، فائنل میں اسلام آباد کو شاندار مقابلے کے بعد 5وکٹوں سے شکست دی، کراچی کے فوادعالم فائنل میچ کے مردمیدان ، اسلام آباد کے شان مسعود ٹورنامنٹ کے بہترین بلے باز،فیصل آباد کے محمدعمران بہترین بالراور اسلام آباد کے عابد علی بہترین آل رائونڈر قرارپائے جنہیں ایک، ایک لاکھ روپے نقد انعام سے نوازاگیاجبکہ ونر ٹیم کو ٹرافی اوردس لاکھ روپے اور رنراپ ٹیم کوٹرافی اور پانچ لاکھ روپے کیش پرائز دیاگیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈکے زیراہتمام پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں قومی ون ڈے ریجن کپ کے فائنل میں اسلام آباد ریجن کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے خودبیٹنگ کافیصلہ کیا اور مقررہ 50اوورز میں 4وکٹوں کے نقصان پر 347رنز بنائے، اسلام آباد کی جانب سے بابراعظم 95گیندوں پر 8چوکوں اور2 چھکوں کی مددسے 105، شاہدیوسف ناقابل شکست 96، شان مسعود 51، عابدعلی 37، فیضان ریاض 27اور سعدعلی 26رنز ناٹ آئوٹ بنا کر نمایاں سکورر رہے۔

کراچی وائٹ کی جانب سے اسدشفیق، دانش عزیز، ضیاء الحق اور محمداصغر نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا، جواب میں کراچی وائٹ کی ٹیم نے 49.3اوورز میں 5وکٹوں پر 349رنز بناکر قومی ون ڈے کپ اپنے نام کرلیا، کراچی ریجن وائٹ کی جانب سے فوادعالم نے 130گیندوں پر 18چوکوں کی مدد سے 149، دانش عزیز نے ناقابل شکست 86، اکبرالرحمان نے 41اور اسد شفیق نے 22رنز بنائے، اسلام آباد کی جانب سے رضاحسن، نعمان علی، حمزہ ندیم، احمد بشیر اورشہزاداعظم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی،کراچی کے فوادعالم کو فاتحانہ اننگ کھیلنے پرفائنل مین آف دی میچ قرار دیاگیا۔اسلام آباد ریجن کے کپتان شان مسعود 656رنز بناکر بہترین بلے باز، فیصل آباد ریجن کے محمدعمران 14وکٹیں لے کر بہترین بالر اور اسلام آباد کے عابد علی 509رنز کے ساتھ وکٹوں کے پیچھے 9شکار کر کے بہترین کھلاڑی/آل رائونڈر قرار پائے۔

 

error: Content is protected !!