دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ): پاکستان سپر لیگ سیزن تھری میں شامل ٹیمیں دبئی پہنچ گئیں جہاں کل ٹرافی کی رونمائی کی جائے گی۔
متحدہ عرب امارات میں پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کے لئے غیرملکی کھلاڑیوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، برینڈن میکولم اور ڈیرن سیمی کے بعد سنیل نارائن نے بھی اپنی اپنی ٹیموں کو جوائن کرلیا۔
پی ایس ایل کی دفاعی چیمپئن پشاور زلمی اور ایونٹ میں شامل ہونے والی نئی ٹیم ملتان سلطانز کے درمیان افتتاحی میچ 22 فروری کو کھیلا جائے گا تاہم اس سے قبل کل دبئی اسٹیڈیم میں ٹرافی کی رونمائی کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق پی ایس ایل تھری کی ٹرافی کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے لایا جائے گا جہاں تمام ٹیموں کے کپتان اس کے ساتھ تصاویر بنوائیں گے۔
ٹرافی کی تقریب رونمائی میں پی ایس ایل فرنچائز مالکان، مینجمنٹ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام شریک ہوں گے۔
پی ایس ایل تھری کی افتتاحی تقریب 22 فروری کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہی ہوگی جس کے بعد ایونٹ کا افتتاحی میچ پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کے درمیان پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجے کھیلا جائے گا۔