ون ڈے سیریز میں ویسٹ انڈیز ویمنز کا پاکستان ویمنز کے خلاف کلین سوئپ

ون ڈے سیریز میں ویسٹ انڈیز ویمنز کا پاکستان ویمنز کے خلاف کلین سوئپ

تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل 88 رنز سے جیت لیا۔

ہیلی میتھیوز کی سیریز میں دوسری سنچری ،

ویسٹ انڈیز ویمنز نے پاکستان ویمنز کو تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں 88 رنز سے ہرادیا۔

مہمان ٹیم نے سیریز تین صفر سے اپنے نام کرلی۔

ہیلی میتھیوز کی سیریز میں دوسری سنچری ، کریئر بیسٹ 141 رنز بنائے اور دو وکٹیں بھی حاصل کیں۔

ہیلی میتھیوز پلیئر آف دی میچ اور پلیئر آف دی سیریز قرار پائیں۔

پاکستان ویمنز کی طرف سے نشرہ سندھو کی تین وکٹیں۔

فاطمہ ثنا کی ون ڈے انٹرنیشنل میں پچاس وکٹیں مکمل۔

پاکستان ویمنز کی طرف سے منیبہ علی 38 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہیں۔

کراچی 24 اپریل، 2024:

کپتان ہیلی میتھیوز کی شاندار بیٹنگ فارم کی بدولت ویسٹ انڈیز ویمنز نے پاکستان ویمنز کو تیسرے اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل میں 88 رنز سے شکست دیدی ۔ اس طرح اس نے ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ کرلیا۔

ویسٹ انڈیز ویمنز نے پہلا ون ڈے 113 رنز سے اور دوسرا ون ڈے 2 وکٹوں سے جیتا تھا۔

ہیلی میتھیوز نے 141 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جو ون ڈے انٹرنیشنل میں ان کا بہترین انفرادی اسکور ہے ۔اس سے قبل انہوں نے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں 140 ناٹ آؤٹ رنز بنائے تھے۔ وہ اس شاندار پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ اور پلیئر آف دی سیریز قرار پائیں۔

منگل کے روز نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں ویسٹ انڈیز ویمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 278 رنز بنائے۔

پاکستان ویمنز ٹیم جواب میں 47.5 اوورز میں 190 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

ویسٹ انڈیز ویمنز کی پہلی وکٹ 37 کے مجموعی اسکور پر گرگئی تھی جب نشرہ سندھو نے رشادا ولیمز کو 9 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ کردیا تھا لیکن اس کے بعد ہیلی میتھیوز اور شیمین کیمبل کے درمیان دوسری وکٹ کی شراکت میں بننے والے 93 رنز نے اپنی ٹیم کی پوزیشن بہتر کردی۔

شیمین کیمبل 38 رنز بناکر فاطمہ ثنا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئیں۔ ہیلی میتھیوز نے 149 گیندوں پر 19 چوکوں کی مدد سے 141 رنز اسکور کیے۔یہ ان کی ون ڈے انٹرنیشنل میں چھٹی اور پاکستان کے خلاف تیسری سنچری ہے۔ اسٹیفنی ٹیلر نے چار چوکوں کی مدد سے 47 رنز اسکور کیے۔

اسٹیفنی ٹیلر اور ہیلی میتھیوز نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 111 رنز کا اضافہ کیا۔

پاکستان ویمنز کی جانب سے نشرہ سندھو نے54 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔

فاطمہ ثنا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ انہوں نے اپنے 38ویں ون ڈے انٹرنیشنل میں 50 وکٹیں بھی مکمل کیں۔

پاکستان ویمنز کی اننگز میں منیبہ علی 38 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہیں۔ عالیہ ریاض نے 36 رنز بنائے۔سدرہ امین 9۔ بسمہ معروف 19اور ندا ڈار 9 رنز بنا پائیں۔

آلیا ایلین ۔ہیلی میتھیوز اور اسٹیفنی ٹیلر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

اب دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز جمعہ 26 اپریل سے کھیلی جائے گی۔ پانچوں میچ نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

مختصر اسکور ۔
ویسٹ انڈیز ویمنز 278 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ ( 50 اوورز ) ہیلی میتھیوز 141 ۔ اسٹیفنی ٹیلر 47 ۔ شیمین کیمبل 38۔ نشرہ سندھو 54 / 3 وکٹ فاطمہ ثنا 67 / 2 وکٹ ۔

پاکستان ویمنز 190 ( 47.5 اوورز ) منیبہ علی 38 عالیہ ریاض 36۔ آلیا ایلین 10 / 2 وکٹ ہیلی میتھیوز 26 / 2 وکٹ ۔ اسٹیفنی ٹیلر 29 / 2وکٹ۔
نتیجہ ۔ ویسٹ انڈیز ویمنز نے 88 رنز سے کامیابی حاصل کیں۔

 

error: Content is protected !!