پی سی ایل تھری،ملتان سلطانز نے خطرے کی گھنٹی بجا دی،دوسرا میچ بھی جیت لیا

دبئی (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) تھری کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 43 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں شریک دیگر ٹیموں کے لئے خطرے کے گھنٹی بجادی ۔

تیسرے میچ کی خاص بات کمارا سنگاکارا، کپتان شعیب ملک، احمد شہزاد کی شاندار بیٹنگ ، جنید خان کی ہٹ ٹرک اور محمد عرفان کی نپی تلی بولنگ کی بدولت میچ یک طرفہ طور پر اپنے نام کرلیا ۔

لاہور قلندرز کے کپتان برینڈن مکلم نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی ،جس نے اوپنر کمارا سنگاکارا کے 63، کپتان شعیب ملک 48 اور احمد شہزاد 38رنز کی بدولت اسکور بورڈ پر 179رنز مجموعہ سجایا۔

ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی پوری ٹیم 136رنز پر ڈھیر ہوگئی ، اوپنر فخر زمان 49، سہیل اختر21، سنیل نارائن 26 اور عمر 31 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورررہے ۔

لاہور قلندرز کے اوپنر نے 32رنز کا پراعتماد آغاز فراہم کیا ، تاہم 26 کے انفرادی اسکور پر سنیل نارائن کو محمد عرفان نے جنید خان کی مدد سے قابو کیا ۔

ملتان سلطانز کو دوسری کامیابی کپتان برینڈن مکلم کی وکٹ کی صورت میں ملی ، وہ بغیر کوئی رنز بنائے محمد عرفان کا دوسرا شکار بن گئے ۔

لاہور قلندرز کی تیسری وکٹ 105رنز پر گری ،اوپنر فخر کے ساتھ 65رنز کی پارٹنرشپ قائم کرنے والے عمر اکمل کو پولارڈ نے نے پویلین کی راہ دکھائی ، انہوں نے 31رنز بنائے ،اس دوران 1چھکے اور 3چوکے بھی لگائے۔

ملتان سلطانز کو چوتھی کامیابی اوپنر فخرزمان کی صورت میں ملی ، جو لاہور قلندرز کی فتح کیلئے بھرپور مزاحمت کررہے تھے ، انہوں نے 4چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 49رنز کی اننگز کھیلی ، انہیں پولارڈ نے احمد شہزاد کی مدد سے پویلین کی راہ دکھائی ۔

لاہور قلندرز کے کپتان برینڈن مکلم نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی تواوپنرز کمارا سنگاکارا اور احمد شہزاد نے ان کے فیصلے کو سود مند ثابت نہ ہونے دیا ۔

دونوں اوپنرز نے 10اوورز میں 88رنز بنائے ، اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے گرائونڈ کے چاروں طرف خوبصورت اسٹروک کھیلے ۔

11ویں اوورکی پہلی گیند پر احمد شہزاد 5 چوکوں کی مدد سے 38رنز بناکر مستفیض الرحمٰن کا شکار بنے ، دوسری وکٹ لاہور قلندرز کو جلد ہی مل گئی ، 93 کے مجموعے پر4 رنز بنانے والے صہیب مقصود کو یاسرشاہ نے بولڈ کردیا ۔

تعارف: newseditor