دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کے ٹینس اسٹار اعصام الحق بھی پاکستان سپر لیگ کے بخار میں مبتلا ہوگئے اور میچز دیکھنے کے لیے دبئی پہنچ گئے۔
نجی ٹی وی چینل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اعصام الحق نے کہا کہ وہ چونکہ لاہوری ہیں اس لیے پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کو سپورٹ کررہے ہیں۔
اعصام الحق نے کہا کہ ’’اللہ کرے کہ وہ دن بھی آئے جب پی ایس ایل کے سارے میچز پاکستان میں ہوں، اس بات کچھ میچز لاہور اور فائنل کراچی میں ہونے جارہا ہے، چیزیں بہتر ہورہی ہیں جبکہ ملک میں سیکیورٹی کی صورتحال بھی بہت بہتر ہوگئی ہے‘‘۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں میچز کے انعقاد کے لیے بین الاقوامی کھلاڑیوں کا تعاون بھی پاکستان کو درکار ہے اور امید کرتا ہوں کہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ مکمل طور پر بحال ہوجائے۔
اعصام الحق نے کہا کہ ٹینس کے میچز آہستہ آہستہ پاکستان میں ہونا شروع ہوگئے ہیں، ہم جہاں بھی جائیں پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا کو دکھانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ اور دیگر کھیلوں کی طرح ٹینس کی بھی لیگ ہوسکتی ہے۔