دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ)اسلام آباد یونائیٹڈ کے ابھرتے ہوئے اسٹار کھلاڑی حسین طلعت پاکستان سپر لیگ میں اچھی پرفارمنس کی بدولت قومی اسکواڈ میں شمولیت کے خواہاں ہیں۔
پاکستان سپر لیگ کا تیسرا ایڈیشن دبئی میں جاری ہے جس میں 6 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
پی ایس ایل کی فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ نے نوجوان کھلاڑی حسین طلعت کی بہترین بیٹنگ کے بدولت ملتان سلطانز کو ٹورنامنٹ میں پہلی شکست سے دوچار کیا تھا۔
میچ میں حسین طلعت نے مشکل وقت میں 48 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں حسین طلعت کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال بھی پی ایس ایل میں کارکردگی کی بنیاد پر قومی ٹیم کے اسکواڈ میں شامل ہوا تھا اور اس سال بھی پی ایس ایل میں اچھا کھیل پیش کر کے قومی ٹیم میں منتخب ہونا چاہتا ہوں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سینیئر کھلاڑیوں اور غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل کر اعتماد ملتا ہے اور کھیل میں نکھار آجاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں ذاتی طور پر ٹیم کے لیے کچھ کرنا چاہتا ہوں، پی ایس ایل اصل میں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے والوں کے لیے ہی ہے اور جو بھی لیگ میں پرفارم کرتا ہے اسے دنیا دیکھتی ہے۔
حسین طلعت کا کہنا تھا کہ وہ اپنی کارکردگی کے حوالے سے پر امید ہیں اور جیت کا کریڈٹ پوری ٹیم کو جاتا ہے، کھلاڑی جتنا پر اعتماد ہوگا اتنی اچھی کارکردگی دکھائے گا۔