کراچی (اسپورٹس رپورٹر)پنجاب نے چوتھا عبدالرزاق آرائیں رمضان المبارک روک بال ٹورنامنٹ جیت لیا ۔منی اسپورٹس کمپلیکس ناظم آباد پر کھیلے گئے فائنل میں غازی اسپورٹس کو دل چسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد2-1سیٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔فائنل میں پنجاب کے کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 2-1سے فتح سمیٹی ،فاتح ٹیم کی جانب سے امان اللہ نے دو گول اسکور کیے جبکہ غازی اسپورٹس کی جانب سے کوئی گول اسکور نہ ہوسکا ۔اس سے قبل تیسری پوزیشن کے میچ میں پولیس نے گارڈن فائٹرز کو 2-1سے مات دے کر برانز میڈل جیتا ۔
پولیس کے خرم نے میچ کا واحد گول اسکور کیا ۔فائنل کے مہمان خصوصی ڈاکٹر جنید علی شاہ تھے ،ان کا کہنا تھا کہ میں نے پہلی بارروک بال کا کھیل دیکھا ہے ،والی بال سے ملتے جلتے اس کھیل میں گول پوسٹ کی موجودگی نے کھیل کو مزید دل چسپ اور مشکل بنا دیا ہے ،میں اس کھیل سے کافی متاثر ہواہوں ،میں پاکستان روک بال فیڈریشن اور سندھ روک بال ایسوسی ایشن کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلا تا ہوں ،اگر فیڈریشن نشان دہی کرے تو انہیں اس کھیل کو پروان چڑھانے اور فروغ دینے کے لئے میدان بھی الاٹ کیا جا سکتا ہے ،بعد ازاں انہوں نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں میں میڈلز اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔فائنل کی فاتح ٹیم کو ڈیڑھ لاکھ روپے نقد انعام بھی دیا گیا ۔اس موقع پر پاکستا ن روک بال فیڈریشن کی سیکریٹری ام لیلیٰ کلثوم نے ٹورنامنٹ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی او ر شریک ٹیموں سمیت مہمانوں کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔
ان کا کہنا تھا کہ اس ایونٹ کے بعد نیشنل چیمپئن شپ کروانے کی تیاری ہے اور ایشین روک بال چیمپئن شپ کے لئے ٹیم تشکیل دی جائے گی ۔فیڈریشن کے چیئر مین سعید آرائیں نے شرکا کا شکریہ ادا کیا ۔اس موقع پر سندھ روک بال ایسوسی ایشن کے صدر اعجاز الدین ،پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے سیکریٹری مدثر آرائیں ،روک بال کے سینئر نائب صدر مقبول آرائیں ،اولمپئن وسیم فیروز،ارشد خان ،عدنان وہرہ ،عدنان ترین اور دیگر بھی موجود تھے ۔