ویمنز ٹی ٹونٹی ایشیا کپ،پاکستان نے سری لنکا کو شکست دیدی

کوالالمپور (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کی خواتین کی کرکٹ ٹیم نے ملائیشیا میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کپ میں سری لنکا کو 23 رنز سے شکست دے دی ہے۔سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ پاکستان نے 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز کپتان بسمہ معروف نے بنائے اور وہ 68 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔ اوپنر ندا ڈار نے 34 گیندوں پر 38 رنز بنائے۔سری لنکا کی ٹیم نے 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 119 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے کامیاب ترین بولر ندا ڈار رہیں۔

انھوں نے چار اوورز میں پانچ وکٹیں لیں۔ ندا ڈار کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔اس جیت کے بعد پاکستان کے چار پوائنٹس ہو گئے ہیں۔پاکستان اس سے پہلے سری لنکا کو مارچ میں ہونے والی ون ڈے سیریز اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست دے چکا ہے اور سری لنکا کے خلاف مجموعی طور پر ان کی کارکردگی اچھی رہی ہے۔پاکستان کے پاس سابق کپتان ثنا میر اور موجودہ کپتان بسمہ معروف کی شکل میں تجربہ کار آل راؤنڈرز موجود ہیں اور بولنگ میں انعم امین جیسی بولر ہیں۔تاہم ٹیم کے اوپنرز کی اچھی شراکت داری ضروری ہے۔اس میچ کے بعد پاکستان کا اگلا بڑا حریف انڈیا ہے اور انڈیا کے پاس پونم یادو اور ہرمن پریت کور جیسی سٹرائیک بولرز موجود ہیں۔ ایسے بولرز کے خلاف پاکستانی بیٹنگ نے اگر غلطیاں کیں تو پاکستان بڑا سکور نہیں کر پائے گا۔پاکستان سری لنکا کے خلاف دو مختلف فارمیٹ کی سیریز جیتنے کے بعد پر اعتماد ہے لیکن اگر بیٹنگ نے بولرز کا ساتھ نہیں دیا تو پاکستان کو ایشیا کپ سے باہر ہونے کا خطرہ ہوگا۔

تعارف: newseditor