آکلینڈ(سپورٹس لنک رپورٹ) نیوزی لینڈ کے سابق مایہ ناز آل راؤنڈر سر رچرڈ ہیڈلی کو آنتوں کے کینسر کی تشخیص ہوئی ہے اور کامیاب آپریشن کے بعد ان کی حالت اب کافی بہتر ہے۔نیوزی لینڈ کرکٹ نے ہیڈلی کی اہلیہ لیڈی ڈیانی ہیڈلی کی جانب سے بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ماہ معمول کے معائنے کے دوران ہیڈلی کو آنتوں کے کینسر کی تشخیص ہوئی۔ہیڈلی کی اہلیہ نے مزید بتایا کہ رسولی کو ختم کرنے کے لیے ان کا آپریشن کیا گیا جو کہ بہت اچھا رہا اور اب ان کی حالت میں کافی بہتری آ رہی ہے۔انہوں نےبتایا کہ اگلے چند دنوں میں ان کی کیمو تھراپی ہو گی جس کے بعد توقع ہے کہ وہ مکمل ٹھیک ہو جائیں گے۔66 سالہ ہیڈلی کا شمار نیوزی لینڈ کے عظیم کرکٹرز میں کیا جاتا ہے اور 1980 کی دہائی میں وہ دنیا کے بہترین فاسٹ باؤلنگ آل راؤنڈر میں سے ایک تھے جہاں انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 431 وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ 3ہزار 124 رنز بھی بنائے۔