عالمی کپ فٹبال،افتتاحی میچ میں روس نے سعودی عرب کو شکست دیدی

ماسکو(سپورٹس لنک رپورٹ) روس میں منعقدہ فٹبال ورلڈ کپ 2018 کا رنگا رنگ افتتاحی تقریب سے آغاز ہوگیا۔افتتاحی میچ میں میزبان روس اور سعودی عرب کی ٹیمیں مدمقابل ہوئیں جس میں روس نے 0-5 سے کامیابی حاصل کی۔روس نے شروع ہی سے سعودی عرب کو دباؤ میں رکھا اور 12 ویں منٹ میں روس کے کھلاڑی غازینسکی نے گیند کو جال کی راہ دکھا کر ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلائی۔روس کی جانب سے دوسرا گول کھیل کے 43 ویں منٹ میں چیری شیف نے کیا۔ پہلے ہاف کے اختتام پر روس کو 0-2 کی برتری حاصل تھی۔دوسرے ہاف میں بھی روس کے کھلاڑی حاوی رہے اور کھیل کے 71 ویں منٹ میں زیوبا نے گول کرکے برتری 0-3 کردی۔روس کی جانب سے چوتھا گول چیری شیف نے کھیل کے 90 منٹ مکمل ہونے کے بعد ملنے والے ایکسٹرا ٹائم کے پہلے منٹ (1+90) میں کیا۔پانچواں گول کھیل کے (4+90) منٹ میں گولوون نے کیا اور اپنی ٹیم کو 0-5 سے برتری دلادی۔فیفا ورلڈ کپ میں جمعے کے روز تین میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ گروپ اے کی ٹیموں مصر اور یوروگوائے، دوسرا میچ گروپ بی کی ٹیموں مراکش اور ایران کے درمیان کھیلا جائے گا۔جمعے کو تیسرا میچ گروپ بی سے پرتگال اور اسپین کا ہوگا۔

تعارف: newseditor