کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کے گھر شیر رکھنے پر محکمہ وائلڈ لائف نے انکوائری شروع کردی۔گزشتہ دنوں شاہد خان آفریدی نے بیٹی کے ہمراہ دو تصاویر ٹوئٹ کی تھیں جس میں سے ایک تصویر میں وہ ہرن کے بچے کو دودھ پلارہے تھے جب کہ دوسری تصویر میں شیر زنجیروں میں بندھا ہوا تھا۔سابق کپتان کی جانب سے جانوروں کی دیکھ بھال کا پیغام دیا گیا تھا لیکن سوشل میڈیا پر انہیں کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔شاہد آفریدی کے گھر شیر رکھنے پر صوبائی محکمہ وائلڈ لائف نے انکوائری شروع کردی ہے۔ محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق شیر شاہد آفریدی کا تھا یا نہیں، ان کے گھر کیوں لایا گیا؟ اس حوالے سے تحقیقات کی جائیں گے۔محکمہ وائلڈ لائف سندھ کے کنزرویٹیو افسر تاج شیخ کا کہنا ہے کہ عید کے بعد تحقیقات مکمل ہونے پر ایکشن لیں گے۔دوسری جانب شاہد خان آفریدی کا کہنا ہے کہ شیر ان کا نہیں ہے بلکہ دوست چند گھنٹوں کے لیے میرے گھر لایا تھا اور شیر کے گلے میں زنجیر احتیاطاً ڈالی گئی تھی۔