پانمونجم(سپورٹس لنک رپورٹ)شمالی اور جنوبی کوریا میں اس بات پر اتفاق ہو گیا ہے کہ آنے والے ایشیائی کھیلوں کیلئے مشترکہ ٹیمیں تشکیل دی جائیں اور اس دوران کچھ کھیلوں میں دونوں ممالک کے کھلاڑی ایک ہی جھنڈے تلے کوریا کے نام سے شرکت کریں گے ۔ واضح رہے کہ اپریل میں منعقدہ ایک کانفرنس کے دوران دونوں ممالک کے سربراہوں نے اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ ایشین گیمز دو ہزار اٹھارہ سمیت انٹرنیشنل مقابلوں میں دونوں ممالک کی مشترکہ ٹیمیں تشکیل دی جائیں اور پیر کو دونوں ملکوں کے آفیشلز نے کھیلوں کی سطح پر روابط کو مضبوط بنانے کیلئے متعدد معاہدوں پر دستخط کردیئے ۔جنوبی کوریا کی وزارت کھیل نے ایک بیان جاری کیا ہے جس کے مطابق شمالی اور جنوبی کوریا متفق ہیں کہ ایشین گیمز دو ہزار اٹھارہ کی افتتاحی اور اختتامی تقریب کے دوران ان کی مشترکہ ٹیمیں مارچ پاسٹ کریں اور کچھ کھیلوں میں ان کی مشترکہ شرکت یقینی بنائی جائے ۔واضح رہے کہ ایشین گیمز کا انعقاد انڈونیشیا کے شہر جکارتہ اور پیلم بانگ میں 18اگست سے دو ستمبر تک کیا جائے گاجہاں شمالی اور جنوبی کوریا کے ایتھلیٹس ایک ہی جھنڈے تلے کوریا کے نام سے شریک ہوں گے ۔ کھیلوں کے پرستار شمالی کوریا کے لیڈر کم جونگ ان کی تجویز پر چار جولائی کو پیانگ یانگ میں ایک دوستانہ باسکٹ بال میچ کھیلا جائے گا جبکہ اسی سلسلے کا دوسرا میچ موسم خزاں میں سیول میں شیڈول ہے ۔دونوں ممالک کی جانب سے جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ باہمی تعاون میں اضافے کیلئے شمالی اور جنوبی کوریا کھیلوں کے دیگر انٹرنیشنل ایونٹس کیلئے بھی مشترکہ ٹیموں کی تشکیل کا سلسلہ جاری رکھیں گے اور پلیئرز کو اجتماعی ٹریننگ کا بھی موقع فراہم کیا جائے گا۔