لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے بدھ کے روز پنجاب سٹیڈیم میں ٹارٹن ٹریک بچھانے کے کام کا تفصیلی معائنہ کیا، انہوں نے کام کے معیار اور رفتار کا جائزہ لیتے ہوئے ٹھیکیدار اور افسران کو ہدایت کی کہ ٹریک بچھانے کا کام جلداز جلد مکمل کیا جائے ، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ٹارٹن ٹریک بچھانے کا کام تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جسے بہت جلد مکمل کرلیا جائے گا، ٹریک مکمل ہونے پر اتھلیٹس کو جدید سہولت میسر آجائے گی، انہوں نے مزید کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کھیلوں کے فروغ کے لئے دن رات کوشاں ہے، دیگر کھیلوں کے کھلاڑیوں کے لئے بھی درجنوں سپورٹس منصوبے مکمل کرلئے گئے ہیں،صوبہ بھر میںجدید سہولتوں سے آراستہ جمنیزیم ہالز بھی تعمیر کردیئے ہیں جہاں کھلاڑی جدید سہولتوں سے استعفادہ کررہے ہیں، ہمارا کھلاڑیوں سے وعدہ ہے کہ ان کو عالمی معیار کی سہولتیں دیں گے، کھلاڑی اپنے کھیل کو مزید بہتر بناکر قومی اور بین الاقوامی مقابلوں کیلئے خود کو تیار کریں۔