سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان میں 72ویں پنجاب گیمز کے انعقاد کا اعلان

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے ستمبر میں 72ویں پنجاب گیمز کے انعقاد کا اعلان کیا ہے، یہ اعلان انہوں نے ہفتہ کے روز سپورٹس بورڈ پنجاب میں پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن اور پنجاب کی تمام سپورٹس ایسوسی ایشنز کے عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری خالد محمود، پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ادریس حیدر خواجہ، ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان، ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی،محمدانیس شیخ، ڈپٹی ڈائریکٹر طارق وٹو اور سپورٹس تنظیموں کے عہدیداروں نے شرکت کی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جا ن نے مزید کہا کہ سپورٹس کے فروغ، ترقی اور کھلاڑیوں کی فلاح کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، جب تک سپورٹس ایسوسی ایشنز فعال نہیں ہوں گی سپور ٹس میں ترقی نہیںہو گی، سپورٹس بورڈ پنجاب 131منصوبے تعمیر کرچکا ہے جس میں صرف 71گرائونڈز کرکٹ کیلئے بنائے ہیں جن میں فلڈ لائٹس کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے، اس کے علاوہ ہاکی، فٹ بال اور دیگر کھیلوں کیلئے بھی گرائونڈز بنائے ہیں، ان گرائونڈز کوآباد کرنے کیلئے 5سے 10ستمبر تک72ویںپنجاب گیمز منعقد کی جارہی ہیں،جس میں صوبہ بھر کے کھلاڑی حصہ لیں گے ان گیمز کیلئے بہترین انتظامات کیے جائیں گے اور کھلاڑیوں کو بہترین سہولتیں فراہم کریں گے، 72 ویںپنجاب گیمز ایک قومی ایونٹ ہے جس کے لئے ہم سب کو کام کرنا ہوگا، تمام سپورٹس ایسوسی ایشنز اپنا کردار ادا کریں اور ابھی سے کام شرو ع کردیں ، سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے مزید کہا کہ سپورٹس ایسوسی ایشنز سپورٹس کی ترقی کیلئے کام کریں، ان کو گرانٹ جاری کرنے کا اعلان کرتا ہوں، فوری طور پر ایک ایک لاکھ روپے کے چیک دیئے جارہے ہیں ، سب کو ساتھ لیکر چلیں گے، ہر کھیل کے فروغ کیلئے کام کررہے ہیں ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے آخری حد تک جائیں گے اور ٹیلنٹ ضائع نہیں ہونے دیں گے، کرکٹ کی طرح ہر گیم میں کمرشل ازم لانا ہوگا اس کے بغیر ترقی ناممکن ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب اس سلسلہ میں بھرپور کام کررہا ہے ،صوبہ کی تمام سپورٹس ایسوسی ایشن زیادہ سے زیادہ ٹورنامنٹس کرائیں تاکہ نئے کھلاڑی سامنے آئیں، سپورٹس بورڈ پنجاب ان سے ہر طرح کا تعاون کرے گا۔انہوں نے کہا کہ اگلے ماہ فٹ بال ایسوسی ایشن سے مل کر فٹ بال چیمپئن شپ منعقد کرا رہے ہیں جس کے فائنل میں فٹ بال کی عالمی شخصیت کو مدعو کرنے کی کو شش کررہے ہیں تاکہ نوجوان فٹ بالرز کی حوصلہ افزائی ہو۔
پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری خالد محمود نے سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کی سپورٹس کیلئے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے حال ہی پنجاب اوپن انٹر ڈویژن باکسنگ چیمپئن شپ منعقد کرائی ہے جس پر میں اتنا کہوں گا کہ ہماری دس سال کی محنت ایک طرف اور چیمپئن شپ کا انعقاد ایک طرف ہے، انہوںنے گرانٹ جاری کرنے پر بھی محمد عامر جان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی ہم سپورٹس کی ترقی کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب کے شانہ بشانہ چلیں گے۔
سیکرٹری پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن ادریس حیدر خواجہ نے پنجاب گیمز کے انعقاد اور سپورٹس ایسوسی ایشنز کو گرانٹس جاری کرنے پر سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مالی تعاون سے ایسوسی ایشنز کے بہت سے مسائل حل ہوں گے اور وہ سپورٹس کی ترقی کیلئے دل جمعی سے کام کریں گے، سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامرجان نے گرانٹ جاری کی ہے تو اب ایسوسی ایشنز نتائج بھی دیں گی جو سب کے سامنے ہوں گے، سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے پنجاب گیمز کے انعقاد کا بھی خیر مقدم کرتے ہیں ۔

تعارف: newseditor