لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سکواش فیڈریشن کی ہدایت پر لاہور میں دو سال بعد انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ کی واپسی ہوگئی ، ایس این جی پی ایل پاکستان انٹرنیشنل سکواش چیمپئن شپ (سرکٹ ٹو) 25 جون سے 30 جون تک پنجاب سکواش کمپلیکس میں کھیلی جائے گی ۔ سوئی نادرن گیس پائپ لائنز کے تعاون سے ہونیوالے اس دس ہزار ڈالر کے ایونٹ کو انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کا درجہ ورلڈ سکواش فیڈریشن نے اپنی گزشتہ میٹنگ میں دیا تھا۔ قبل ازیں ٹورنامنٹ میں انٹرنیشنل سکواش کی رینکنگ میں کوئی فرق نہیں پڑتا تھا مگر اس ٹورنامنٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں کو اپنی انٹرنیشنل رینکنگ بہتر بنانے کا موقع ملے گا۔جنرل سیکرٹری ایس این جی پی ایل سپورٹس سیل اشرف ندیم کے مطابق ٹورنامنٹ میں پاکستان کے تمام ٹاپ مرد اور خواتین کھلاڑی شرکت کریں گے۔ امید ہے کہ اس انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کے انعقاد کے بعد انٹرنیشنل سکواش کے راستے مزید کھل جائیں گے۔