ڈیرن سیمی پاکستان پہنچ گئے

اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی ٹیم کی تشہر کے سلسلے میں پاکستان پہنچ گئے۔ڈیرن سیمی صبح 7 بجے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے، جہاں پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے ان کا استقبال کیا۔اس موقع پر ایئرپورٹ پر ڈیرن سیمی کے مداح بھی موجود تھے، جو انہیں اپنے درمیان دیکھ کر خوش ہوئے اور ان کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔پشاور زلمی کے کپتان اپنی ٹیم کے ترانے اور کٹ کی تقریب رونمائی میں شرکت کے لیے خصوصی طور پر پاکستان آئیں ہیں اور یہ پہلا موقع ہے جب اس طرح کی تقریب میں شرکت کے لیے وہ پاکستان پہنچے ہیں۔دورہ پاکستان کے دوران ڈیرن سیمی کا آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) پشاور کا دورہ کرنے کا بھی امکان ہے۔واضح رہے کہ پشاور زلمی اپنی ٹیم کا ترانہ اور کٹ کی رونمائی آج (4 فروری) کو پشاور میں کرے گی۔

گورنر ہاؤس خیبرپختونخوا میں ہونے والی اس تقریب میں پشاور زلمی کے تمام مایہ ناز کھلاڑی، کوچز اور ٹیم منیجمنٹ کے افراد شریک ہوں گے۔تقریب رونمائی میں کپتان ڈیرن سیمی کے علاوہ پشاور زلمی کے کھلاڑی مصباح الحق، کامران اکمل، وہاب ریاض، عمر امین، عمید آصف، ابتسام شیخ، ثمین گل بھی شریک ہوں گے۔اس کے علاوہ ٹیم کے چیئرمین جاوید آفریدی، صدر ظہیر عباس، مینٹور یونس خان، ہیڈ کوچ محمد اکرم، منیجر ارشد خان اور دیگر لوگ بھی شریک ہوں گے۔خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے چوتھے سیزن کا آغاز 14 فروری سے ہورہا ہے، جہاں پہلا میچ دفاعی چمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ٹورنامنٹ میں کل 6 ٹیمیں اسلام آباد یونائٹیڈ، کراچی کنگز، لاہور قلندرز، پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطان شامل ہیں، اس ایونٹ کے ابتدائی میچ متحدہ عرب امارات جبکہ باقی کراچی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

تعارف: newseditor