کبھی سوچا نہ تھا عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں ٹیم کی قیادت کروں گا، سرفراز احمد

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)کراچی: پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی مجھے بتا چکے تھے کہ آپ ہی کپتان بنیں گے۔نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ کی کپتانی خواب ہوتا ہے اور کیریئر شروع کرتے ہوئے کبھی سوچا نہیں تھا کہ مجھے یہ بڑا اعزاز مل جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کی کپتانی ملنے سے پہلے مطمئن تھا کیوں کہ کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی مجھے بتا چکے تھے کہ آپ ہی کپتان بنیں گے اور یہ اعزاز ملنے کے بعد مجھ پر ذمہ داری بڑھ گئی ہے۔ورلڈ کپ میں کپتانی ملنے پر سرفراز احمد نے کہا کہ میں خوش قسمت کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہونے والا ہوں جو پاکستان کی ورلڈ کپ میں کپتانی کرچکے ہیں جن میں عمران خان، وسیم اکرم، وقاریونس، آصف اقبال، انضمام الحق اور مصباح الحق جیسے بڑے اور عظیم کھلاڑی شامل ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکر گزار ہوں جنہوں نے میری قائدانہ صلاحیتوں پر اعتماد کیا ہے، کرکٹ کئریئر شروع کرنے سے اب تک مجھے کئی لوگوں کی مختلف مراحل پر سپورٹ ملی جن میں ندیم عمر، اعظم خان، ظفر احمد، اقبال قاسم، عبدالرقیب، معاذ اللہ خان، اظہر خان، صلاح الدین صلو، سلیم جعفر، منصور رانا، شفقت رانا اور محمد الیاس شامل ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ خوشی کی بات یہ ہے کہ مجھے قیادت کا منصب ملا ہے لیکن اب اس مشن کی تکمیل سب سے بڑی ذمہ داری ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھ پر ہونے والی تنقید پر کسی سے بھی ناراض نہیں ہوتا بلکہ کوشش کرتا ہوں کہ اس میں اصلاح ہو تو اس سے سبق حاصل کروں۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے سرفراز احمد کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں انہیں ورلڈ کپ تک کپتان برقرار رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

تعارف: newseditor