ٹیم جنوبی افریقہ میں توقعات کے مطابق نہیں کھیلی، مکی آرتھر

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ میں قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں رہی، شکست کا ذمے دار کسی ایک کو نہیں ٹھہراؤں گا، ہم سب شکست کے ذمے دار ہیں۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ میں کبھی کوئی ایشیائی ٹیم ٹیسٹ سیریز نہیں جیتی،سرفراز نے بہت سے مواقع پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔مکی آرتھر نے کہا کہ بیٹنگ آرڈر میں ضرورت کے مطابق تبدیلی کرنی پڑتی ہے، نوجوان کھلاڑی اچھا پرفارم کر رہے ہیں، ہمیں ہر طرح کی صورت حال میں اچھا کھیلنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ساڑھے 4 ماہ مسلسل کرکٹ کھیلی، ٹیسٹ فارمیٹ میں ابھی بہتری کی ضرورت ہے،پی ایس ایل ایک بہترین ایونٹ ہے، جس سے بہت سے اچھے کھلاڑی قومی ٹیم کو مل رہے ہیں ۔ہیڈ کوچ نے کہا کہ جنوبی افرفقہ میں بیٹنگ کرنا مشکل ہوتی ہے، بابر اعظم نے ہر فارمیٹ میں خود کو منوایا، ورلڈ کپ کے لیے کمبی نیشن بنا رہے ہیں، اس حوالے سے چیف سلیکٹر کے ساتھ مشاورت میں ہیں،ورلڈ کپ کے بارے میں انضمام الحق اور میں بہت سے معاملات پر متفق ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں مائنڈ بنائیں گے کہ کیسے ورلڈکپ میں جانا ہے، انگلینڈ کے خلاف سیریز والے 15 کھلاڑی ہی ورلڈ کپ میں جائیں گے۔مکی آرتھر نے کہا کہ سرفراز احمد کے معاملے میں پی سی بی نے میرے ساتھ مکمل مشاورت کی،سرفراز سے جو ہوا وہ غلط تھا، انہوں نے معافی مانگی اور انہیں سزا بھی مل گئی، اب آگے بڑھنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سرفراز احمد کی بیٹنگ پر بہت محنت کی جا رہی ہے،میں ان کی فارم سے پریشان نہیں ہوں، وہ باصلاحیت کرکٹر ہیں،ساڑھے 4 ماہ سرفراز نے اچھی کیپنگ کی۔قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے یہ بھی کہا کہ ڈریسنگ روم میں جو ہوتا ہے ڈریسنگ روم میں ہی رہنا چاہیے، میرا کہنا بہتری کے لیے ہوتا ہے۔

تعارف: newseditor