دبئی (عبدالرحمان رضا سے)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن کے 5ویں میچ میں لاہور قلندرز نے حارث روؤف کی شاندار باؤلنگ کی بدولت کراچی کنگز کو 22 رنز سے شکست دے دی۔دبئی اسپورٹس سٹی میں کھیلے جانے والے اس میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔لاہور قلندرز کے اوپنرز فخر زمان اور سہیل اختر نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا اور 64 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔سہیل اختر 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو فخر زمان 77 کے مجموعی اسکور پر 26 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔تاہم امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز ٹیم کے اسکور کو برق رفتاری کے ساتھ آگے بڑھائیں گے، تاہم کراچی کنگز کے نوجوان باؤلر عمر خان نے صرف 3 رنز پر ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔کراچی کنگز کے باؤلرز اننگز کے اختتام تک مکمل طور پر حاوی نظر آئے جس کے سبب لاہور قلندرز مقررہ 20 اوورز میں صرف 138 رنز ہی بناسکے۔
نوجوان باؤلر عمر خان نے 2 وکٹیں لے کر کراچی کنگز کی باؤلنگ لائن میں نمایاں رہے جبکہ محمد عامر اور سکندر رضا بٹ بھی ایک ایک وکٹ حاصل کر سکے۔گزشتہ میچ کے برعکس کراچی کنگز کے اوپنرز بڑی شراکت قائم کرنے میں ناکام رہے اور لیام لیونگسٹن 11 رنز بنا کر 13 کے مجموعے پر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر بولڈ بوگئے۔گزشتہ میچ میں لاہور قلندرز کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں 5 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔کراچی کنگز نے پہلے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو 7 رنز سے شکست دے کر پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کی تھی۔