عماد وسیم اور محمد عامر پر لاہور قلندرز کی خواتین کو گالیاں دینے کا الزام

دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستا ن سپرلیگ (پی ایس ایل)میں لاہور قلندرز کی کراچی کنگز کے خلاف22رنز کی جیت کے بعد پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کے بعد لاہور قلندرز نے کر اچی کنگز کے صدر وسیم اکرم اور کپتان عماد وسیم اور فاسٹ باؤلر محمد عامر کے خلاف میچ ریفری کو آفیشل شکایت کردی ہے۔ذرائع کے مطابق کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم اور پیسر محمد عامر کے خلاف لاہور قلندرز کی خواتین کو گالیاں دینے اور نازیبا اشارے کرنے کا سنگین الزام سامنے آیا ہے جس کے بعد لاہور قلندرز کی انتظامیہ نے میچ ریفری روشن ماہاناما سے تحریری شکایت کی ہے۔دوسری جانب کراچی کنگز کی انتظامیہ کی جانب سے بھی میچ ریفری کو آفیشل شکایت میں کہا گیا ہے کہ وسیم اکرم کو سٹینڈز سے انتہائی نامناسب نام سے پکارا گیا جس کے بعد صورتحال خراب ہوئی۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ میچ ریفری کی رپورٹ آنے کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔دوسری جانب عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ لاہور کی جیت کے بعد سب سے پہلے وسیم اکرم نے شکایت کی کہ انہیں لاہور قلندرز کے انکلوژر سے نامناسب نام سے پکارا گیا ہے،اس کے تھوڑی دیر بعد عماد وسیم اور محمد عامر واپس آئے اور انہوں نے لاہور قلندرز کے انکلوژر میں خواتین کی جانب نازیبا اشارے کئے اور گالیاں دیں ،سکیورٹی حکام نے دو تماشائیوں کو حراست میں لیا تاہم بعد میں چھوڑ دیا۔سی سی ٹی وی کیمرے کی مدد سے اس تماشائی کی نشاندہی کر لی گئی ہے جس نے وسیم اکرم کو نامناسب نام سے پکارا تھا۔ذرائع کے مطابق لاہور قلندرز کی انتظامیہ پی سی بی کی جانب سے عماد وسیم اور محمد عامر کا خراب رویے اور قابل اعتراض زبان پر کارروائی کا مطالبہ کررہی ہے کیوں کہ جن خواتین کے ساتھ یہ واقعہ پیش آیا اس میں فرنچائز کے خاندان کی خواتین شامل تھیں۔

تعارف: newseditor