دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ) جنوبی افریقا کے سابق کپتان گریم اسمتھ کا کہنا ہے کہ اے بی ڈی ویلیئرز کی پی ایس ایل میں شمولیت اور پاکستان جانے کے فیصلے کے بعد مزید کرکٹرز پاکستان آنے کو تیار ہوں گے۔گریم اسمتھ پی ایس ایل میں کمنٹری کے فرائض بھی انجام دے رہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ میں ٹیلنٹ دیکھ کر کافی خوشی ہوئی ہے، پاکستان میں جتنی انٹرنیشنل کرکٹ ہوگی اس کی ٹیم کا معیار اتنا ہی بہتر ہوگا۔سابق جنوبی افریقی کپتان نے کہا کہ ورلڈ الیون ٹیم کا دورہ پاکستان اور پی ایس ایل جیسے اقدامات پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کے لیے کافی اہم ہیں۔گریم اسمتھ نے بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دورہ جنوبی افریقا کے دوران پاکستانی ٹیلنٹ سے بہت متاثر ہوا، دونوں کھلاڑی کافی ٹیلنٹڈ ہیں اور ان کا مستقبل بہت اچھا ہوگا۔یاد رہے کہ جنوبی افریقا کے سابق اسٹائلش بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز پہلی مرتبہ پی ایس ایل کا حصہ بنیں ہیں اور وہ لاہور میں کھیلے جانے والے میچز میں بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔