مالم جبہ(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کی جانب سے دو مرتبہ سرمائی اولمپکس میں شرکت کرنے والے محمد کریم نے مالم جبہ سکی ریسورٹ پر منعقد ہونے والی بارہو یں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی سکی چیمپئن شپ کی سلالم اور جائنٹ سلالم کی دونوں کٹیگریز میںگولڈ میڈلزحاصل کرکے پاک فضائیہ کو چیمپئن شپ ٹرافی کا حقداربنادیا۔ وہ دونوں مقابلوں میں بھرپور فارم میں نظر آئے اور واضح فرق سے اپنے حریفوں کو شکست دی۔ انکے گائوں کے ساتھی اور سابق اولمپیئن محمد عباس نے سلالم کیکٹگری میں سلور میڈل جیت لیا۔ گلگت بلتستان اسکائوٹس کے میر نواز نے جائنٹ سلالم میں سلور میڈل حاصل کرکے اپنی ٹیم کو اس چیمپئن شپ میں دوسری پوزیشن پر پہنچا دیا۔
سرمائی کھیلوں کے ملکی کلینڈر میں شامل یہ شاندار مقابلے پہلی مرتبہ مالم جبہ میں منعقد ہو رہے ہیں۔ ملک بھر سے کئی سکی ایسوی ایشنز کے سکئیرز نے ان مقابلوں میں حصہ لیا۔ اس چیمپئن شپ کو دیکھنے کے لئے سکی کے شائقین کی کافی تعداد سوات پہنچی۔بعدازاں اسی دن کھیلے جانے والے شاہ خان سکی کپ میں بھی پاک فضائیہ کی ٹیم فاتح رہی۔ پاک فضائیہ کے رحیم خان نے سلالم اور جائنٹ سلالم کی دونوں کٹیگریز میں سلور میڈلزحاصل کرکے اپنی ٹیم کو ناقابل شکست برتری دلوائی۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے فیض علی اور گلگت بلتستان اسکائوٹس کے نذیر شاہ نے بالترتیب سلالم اور جائنٹ سلالم کٹیگریز میںگولڈ میڈلزحاصل کئے۔ اس شاندار کارکردگی کی بدولت گلگت بلتستان اسکائوٹس اس چیمپئن شپ میں بھی دوسری پوزیشن حاصل کر لی۔