سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام دوسرا قائداعظم ووشوکپ لاہور 26فروری کو شروع ہوگا

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام دوسرا قائداعظم ووشوکپ لاہور نشترپارک سپورٹس کمپلیکس کے جمنیزیم ہال میں 26فروری کو شروع ہوگا، دو روزہ مقابلوں میں 9ڈویژنز سے مردوخواتین کھلاڑی حصہ لیں گے،اختتامی تقریب 27فروری کو ہوگی، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے بدھ کے روز اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پنجاب میں ووشو کا بہت ٹیلنٹ ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب اس ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لئے اقدامات کررہا ہے، دوسراقائداعظم ووشو کپ لاہور جیسے ایونٹس میں نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملتا ہے، ووشو اور ڈارٹس کے مردوخواتین کھلاڑیوں کو اس سے فائدہ اٹھانا چاہئے اور اس میں شرکت کرنی چاہئے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق سپورٹس کا نیا ٹیلنٹ سامنے لانے کے لئے تمام وسائل استعمال کررہی ہے۔ دوسرا قائداعظم ووشو کپ لاہور میں مردوں کی7کیٹیگریز کے مقابلے ہوں گے جن میں کھلاڑی 42،44،48،52،56،60 ،65 کلوگرام مائنس کیٹیگریز میں حصہ لیں گے، مرد کھلاڑی نن چاقو اور چانگ چونگ ایونٹ میں بھی حصہ لیں گے جبکہ خواتین کے 48،52اور56کلوگرام مائنس کیٹیگریز میں مقابلے ہوں گے ۔26فروری کو دوروزہ ڈارٹس کپ لاہور بھی شروع ہوگا جس میں مردوخواتین کھلاڑی حصہ لیں گے۔

تعارف: newseditor